پشاور(رپورٹنگ آن لائن) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا کہ ہم نے سیاسی مفادات قربان کر کے قومی مفاد کو مقدم رکھا، ذمہ دار سیاسی رویے کا مظاہرہ کیا۔
کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ پاکستان کو امن اور مذاکرات کے کردار پر عالمی پذیرائی ملی، عمران خان 24 سال سے اسی پالیسی کے داعی رہے ہیں۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ عمران خان کا ہمیشہ مؤقف رہا کہ ملٹری آپریشنز اور جنگیں مسائل کا حل نہیں، ہمیشہ مذاکرات اور امن کو ترجیح دی گئی، عمران خان نے 9 اپریل کا جلسہ پاکستان کے وسیع تر قومی مفاد میں ملتوی کیا۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ سیاسی کیپیٹل داؤ پر لگا کر ملکی مفاد میں وفاقی حکومت کے اجلاسوں میں شرکت کی، قابض اور مسلط شدہ حکمران صرف اپنی انا کی تسکین اور ذاتی مفادات کو ترجیح دے رہے ہیں۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ جعلی اور نااہل حکمران قومی مفاد کو مسلسل نظرانداز کر رہے ہیں، پاکستان تحریک انصاف کے خلاف سیاسی امتیاز، کارکنوں پر لاٹھی چارج، شیلنگ اور چادر و چار دیواری کی پامالی مسلسل جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کی بہنوں کے ساتھ بدسلوکی، دھکے اور تشدد کے واقعات ریاستی جبر کی بدترین مثال ہیں، بشریٰ بی بی کی تشویشناک صحت کے باوجود ذاتی ڈاکٹروں اور اہل خانہ سے ملاقات نہ کروانا بنیادی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔
سہیل آفریدی نے بانی پی ٹی آئی کے کیسز کی سماعت نہ ہونے اور انصاف کی فراہمی میں رکاوٹوں پر شدید تحفظات کا اظہار کیا، اگر ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت کے ساتھ امتیازی سلوک جاری رہا تو ہم ہر قسم کی مصلحت ختم کر دیں گے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ موجودہ رویہ برقرار رہا تو وفاق کے ساتھ عدم تعاون کیا جائے گا اور بائیکاٹ کی پالیسی اختیار کی جائے گی، خیبرپختونخوا کے سالانہ ترقیاتی پروگرام 27-2026 کی تیاری آخری مراحل میں داخل، منصوبوں کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ تمام محکمے اے ڈی پی کی تیاری میں اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں، جامع اور مؤثر منصوبہ بندی یقینی بنائیں، وزیر اعلیٰ نے عوام کو ترقیاتی منصوبہ سازی میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا اور کہا شراکتی حکمرانی ہماری اولین ترحیح ہے۔
وزیر اعلیٰ نے عوام سے سڑکوں، ٹیوب ویلز، ہسپتالوں اور دیگر بنیادی سہولیات سے متعلق تجاویز طلب کرنے کا اعلان کیا اور کہا کہ ڈپٹی کمشنرز کے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر عوامی آراء کے حصول کے لیے خصوصی لنک جاری کیا جائے گا۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ شہریوں کو اپنی شکایات اور تجاویز براہ راست حکومت تک پہنچانے کا موقع فراہم کیا جائے گا، 4 مئی سے 8 مئی تک عوامی فیڈبیک کے لیے پورٹل کھلا رہے گا، عوام بھرپور شرکت کریں۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ عوامی تجاویز کو سالانہ ترقیاتی پروگرام 27-2026 میں شامل کر کے مؤثر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔









