اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)سیکرٹری جنرل پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز سید نیئر حسین بخاری نے خیبرپختونخواہ میں وطن دشمنوں کے خلاف کامیاب آپریشن اور بلوچستان میں دہشتگردانہ واقعہ پر ردعمل کا اظہارکرتے ہوئے کہاہے کہ دہشتگردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑنے کیلئے قومی سلامتی اداروں کے افسران اور جوانوں کی کاروائیاں قابل ستائش ہیں۔
اپنے بیان میں نیر بخاری نے خیبرپختونخواہ کے کامیاب آپریشن میں 22 دہشتگردوں کو نشانہ بنانے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ دہشتگردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑنے کیلئے قومی سلامتی اداروں کے افسران اور جوانوں کی کاروائیاں قابل ستائش ہیں۔ انہوںنے کہاکہ قوم دفاع وطن میں سیکورٹی فورسز کی قربانیوں کی معترف ہے۔نیر بخاری نے 10 سالہ بچے کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ شہید بچے کے اہل خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
انہوںنے کہاکہ چاغی میں مائننگ کمپنی پر دہشتگرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں،چاغی میں بے گناہ مزدوروں کو نشانہ بنایا گیا۔نیر بخاری نے شہداء کے خاندانوں سے دلی تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا ء کی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں دہشتگردانہ واقعات دشمن کی سازشیں ہیں،پاکستان پیپلز پارٹی دہشتگردی کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی پست پر ہے۔









