ملک محمد احمد خان 20

قیادت کی اصل کامیابی مضبوط، قابلِ اعتماد اور عوامی خدمت کے ادارے قائم کرنا ہے’ ملک محمد احمد خاں

لاہور(رپورٹنگ آن لائن)سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں نے کہا کہ قیادت کی اصل کامیابی مضبوط، قابلِ اعتماد اور عوامی خدمت کے ادارے قائم کرنا ہے جبکہ پائیدار جمہوریت صرف انتخابات سے نہیں بلکہ آئینی حکمرانی، نمائندہ اداروں اور احتساب سے قائم ہوتی ہے۔ لاہور کی نجی یونیورسٹی کے زیر اہتمام قیادت، پائیدار جمہوریت اور قومی یکجہتی کے موضوع پر بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سپیکر ملک محمد احمد خاں نے کہا کہ جمہوریت اختلافِ رائے کو آئینی راستہ فراہم کرتی ہے اور اختلافات اداروں اور قانون کے ذریعے حل ہونے چاہئیں۔

اختلافِ رائے کو تقسیم کا سبب نہیں بننا چاہیے، ایک دوسرے کی بات سننا جمہوریت کا حسن ہے۔ سپیکر ملک محمد احمد خاں نے کہا کہ مضبوط ادارے ہی شہریوں کے اعتماد اور پائیدار جمہوریت کی بنیاد بنتے ہیں۔ سپیکر ملک محمد احمد خاں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی نے اقلیتوں کی شمولیت کے لیے پارلیمانی اقلیتی کاکس قائم کیا ہے، جو اقلیتی برادریوں کی پارلیمانی شرکت اور آئینی حقوق کے تحفظ کے لیے اہم قدم ہے۔ سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ پاکستان کی تقریبا دو تہائی آبادی 30 سال سے کم عمر ہے، نوجوان قومی اور جمہوری زندگی کا اہم حصہ ہیں اور صرف مستقبل نہیں بلکہ آج ہی پاکستان کے قومی اور جمہوری مستقبل کی تشکیل کر رہے ہیں۔ جامعات کو نوجوانوں میں مکالمہ، تحقیق، فکری آزادی اور مثبت اختلافِ رائے کو فروغ دینا چاہیے، طلبہ سوال اٹھائیں، شواہد پر بحث کریں اور دوسروں کی بات سنیں، کیونکہ اختلافِ رائے کو برداشت کرنا جمہوری معاشرے کی بنیادی ضرورت ہے۔

سپیکر ملک محمد احمد خاں نے کہا کہ جامعات اور قانون ساز اداروں کے درمیان مضبوط روابط وقت کی ضرورت ہیں، تحقیق، شواہد اور نوجوان ذہنوں کو قانون سازی سے جوڑنا جامعات کا اہم کردار ہے۔ سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں نے کہا کہ نظام قانون کے مطابق چلنا چاہیے، جہاں سب کو ان کے حقوق حاصل ہوں۔ ایوان میں بیٹھے نمائندے عوام کے مسائل اور ان کی آواز اسمبلی تک پہنچاتے ہیں، جس پر حکومتی اور اپوزیشن نمائندوں کی جانب سے بحث ہوتی ہے۔

سپیکر ملک محمد احمد خاں نے یونیورسٹی کے طلبہ کو پنجاب اسمبلی آنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ طلبہ بڑے بڑے خواب دیکھیں، ہمارا مستقبل نوجوانوں کے خوابوں کے ساتھ جڑا ہے، آج کے نوجوان کی آنکھ میں جو خواب ہیں وہ دنیا کو فتح کرنے کے ہونے چاہئیں اور ان کی دعا ہے کہ یہ خواب پورے ہوں۔ سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں نے کہا کہ جی سی یو واپس آنا بطور سپیکر پنجاب اسمبلی اور اولڈ راوین ان کے لیے خصوصی اعزاز ہے، جی سی یونیورسٹی نے ان کی فکری اور علمی زندگی کی تشکیل میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں