حافظ نعیم الرحمن 21

غزہ کی تباہی عالمی نظام کے اخلاقی دعوؤں کا امتحان ہے، حافظ نعیم الرحمان

استنبول(رپورٹنگ آن لائن)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ غزہ کی تباہی، بھوک اور جبری بے دخلی عالمی نظام کے اخلاقی دعوؤں کا امتحان ہے۔

ترکیہ کے پارلیمنٹرینز کی جانب سے اپنے اعزاز میں استقبالیے سے خطاب میں حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ دنیا میں طاقت اور وسائل کی نہیں بلکہ اصولی اور دیانت دار قیادت کی کمی ہے، دنیا کو معاشی ناہمواری، جنگوں اور عالمی قانون کے امتیازی اطلاق جیسے بڑے بحرانوں کا سامنا ہے۔انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ کا مستقبل مایوسی وتقسیم کے بجائے علم اور عمل کا راستہ اختیار کرنے والوں سے وابستہ ہے، غزہ کی تباہی، بھوک اور جبری بے دخلی عالمی نظام کے اخلاقی دعوؤں کا امتحان ہے، اتحاد کا مطلب یکسانیت نہیں بلکہ بنیادی اصولوں پر ایک ساتھ مل کر کھڑا ہونا ہے۔

انہوںنے کہاکہ ہم ایسی دنیا چاہتے ہیں جہاں فلسطین آزاد ہو اور کشمیریوں کو انصاف حاصل ہو، شدید مصائب کے باوجود اہل غزہ کی ثابت قدمی انسانی وقار اور امید کی غیرمعمولی مثال ہے، قانونی بائیکاٹ، انسانی امداد اور سفارتی حمایت کے ذریعے فلسطینیوں کا مستقل ساتھ دیا جائے، فلسطینی تعلیمی، طبی اور امدادی اداروں کی مدد بلا تعطل جاری رکھی جائے۔امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ مصنوعی ذہانت، سائبر سکیورٹی، ڈیجیٹل میڈیا اور قابل تجدید توانائی میں مہارت حاصل کی جائے، پاکستان اور ترکیہ کے نوجوان تعلیم، تجارت، ٹیکنالوجی اور امدادی سرگرمیوں میں عملی تعاون بڑھائیں۔استقبالیہ سے ترک پارلیمنٹیرینز،حکمران اک پارٹی کے رہنماؤں اور انسان وقف کے سربراہ نے بھی خطاب کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں