عمر اکمل

عمر اکمل کی اپیل پر سماعت 13 جولائی کو ہوگی

لاہور(رپورٹنگ آن لائن)سپریم کورٹ کے سابق جج جسٹس ریٹائرڈ فقیر محمد کھوکھر بطور انڈیپینڈنٹ ایڈجیوڈیکٹر 13 جولائی کو نیشنل ہائی پرفارمنس سنٹر لاہور میں عمر اکمل کی جانب سے دائر اپیل پر سماعت کریں گے۔

اس حوالے سے دونوں فریقین، پی سی بی اور عمر اکمل کو نوٹسز جاری کردئیے گئے ہیں۔اس سے قبل کورونا وائرس کے باعث لاک ڈاؤن کے سبب انڈیپینڈنٹ ایڈجیوڈیکٹر نے 11 جون کو مقررہ سماعت مؤخر کردی تھی۔

27 اپریل کو جسٹس (ر) فضلِ میراں چوہان نے بطور چیئرمین ڈسپلنری پینل دو مختلف مواقع پر پی سی بی کے اینٹی کرپشن کوڈ کی شق 2.4.4 کی خلاف ورزی کرنے پر عمر اکمل پر تین سال کی پابندی عائد کی تھی۔ جسٹس ریٹائرڈ فقیر محمد کھوکھرکی جانب سے فیصلے تک پی سی بی اس معاملے پرمزید تبصرہ نہیں کرے گا۔