علاج 17

عدالتی حکم پر مکمل عمل، بانی کی صحت پر سیاست نہیں کریں گے،پی ٹی آئی

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن) پاکستان تحریک انصاف نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو علاج کیلئے شفا انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کرنے کے سپریم کورٹ کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔

پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ سپریم کورٹ نے بانی کو 2 روز میں ہسپتال منتقل کرنے کا حکم دیا، کسی صورت عمران خان کی صحت پر سیاست نہیں کریں گے، ہم نے ہسپتال کے باہر عدالت کو اجتماعات نہ کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے.ان کا کہنا تھا کہ میں نے بطور جنرل سیکرٹری عدالت کو یقین دہانی کرائی ہے کہ ہم وہاں کوئی ہلڑ بازی نہیں کریں گے، ہمیں اپنے وعدے کا پاس رکھنا ہے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا کہ سب سے پہلے اللہ تعالیٰ کا جو خالق و مالک ہے اس کا جتنا شکر ادا کریں کم ہے، ہمارا مطالبہ ہے کہ مزید انصاف پر مبنی فیصلے سامنے آئیں، تحریک انصاف کے ساتھ ہونے والے ظلم کا ازالہ انصاف پر مبنی مزید فیصلوں سے ہی ممکن ہے۔

سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ کوئی ورکر ایسا اقدام نہیں اٹھائے جس سے عدالتی فیصلے کی توہین ہو۔بیرسٹر گوہر علی خان نے پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرئے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہیں، بانی پی ٹی آئی کو فوری ہسپتال منتقل کیا جائے، سپریم کورٹ کے حکم پر ہم مکمل عمل کریں گے، کارکنان بھی کسی قسم کا اجتماع نہ کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ شفا انٹرنیشنل ہسپتال کے باہر کارکنان جمع نہ ہوں تاکہ علاج میں کوئی رکاوٹ نہ آئے، بانی پی ٹی آئی کی صحت پر کبھی سیاست نہیں کریں گے۔بیرسٹر گوہر علی خان نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق رپورٹس کو ذاتی معاملات کیلئے استعمال نہیں کیا جائے گا، بشریٰ بی بی کے معاملے کو بھی اسی طرح ایڈریس کیا جائے، انہیں بھی طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں