بولرعاکف جاوید 25

عاکف جاوید انگلش کاؤنٹی ٹیم ڈربی شائر فالکنز میں شامل

پاکستان کے فاسٹ بولرعاکف جاوید کو انگلش کاؤنٹی ٹیم ڈربی شائر نے ویٹیلٹی بلاسٹ کے لیے اسکواڈ کا حصہ بنالیا۔

25 سالہ بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر عاکف جاوید ٹیم میں صفیان مقیم کی جگہ شامل ہوئے ہیں، جو بین الاقوامی مصروفیات کے باعث ٹورنامنٹ کے ابتدائی مرحلے میں ٹیم کو دستیاب نہیں ہوں گے۔

عاکف جاوید اس سے قبل مکی ارتھر کے ساتھ بنگلا دیش پریمیئر لیگ میں رنگپور رائیڈرز اور ابو ظہبی ٹی ٹین لیگ میں اجمان ٹائٹنز کی نمائندگی کرچکے ہیں، جہاں وہ نمایاں وکٹ ٹیکرز میں شامل رہے۔

ڈربی شائر کے ہیڈ آف کرکٹ مکی آرتھر نے کہا کہ صفیان مقیم کی عدم دستیابی پر مایوسی ہوئی، تاہم اس سے ٹیم کو کمبی نیشن تبدیل کرنے کا موقع ملا اور عاکف جاوید ان کی اولین ترجیح تھے۔

انہوں نے کہا کہ عاکف جاوید انگلش کنڈیشنز کے لیے موزوں بولر ہیں جبکہ ان کی رفتار اور لیفٹ آرم پیس اٹیک ٹیم کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگا۔

عاکف جاوید نے کہا کہ وہ پہلی بار ویٹیلٹی بلاسٹ کھیلنے پر بے حد پرجوش ہیں اور دوبارہ مکی آرتھر کے ساتھ کام کرنے کے منتظر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ ڈربی شائر فالکنز کے مداحوں کو بہترین کھیل پیش کرنے اور ٹیم کی فتوحات میں کردار ادا کرنے کی کوشش کریں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں