کراچی(رپورٹنگ آن لائن)سابق گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ سندھ سمیت ملک میں نئے صوبوں اور انتظامی یونٹس کے قیام کا فیصلہ سیاسی یا لسانی بنیادوں کے بجائے عوامی خواہشات اور انتظامی ضروریات کے مطابق ریفرنڈم کے ذریعے کیا جانا چاہیے۔ کراچی سمیت کسی بھی علاقے کو تعصب کی نظر سے نہیں دیکھنا چاہیے، تمام شہری مساوی حقوق اور ترقی کے حق دار ہیں۔
ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا کہ ریاستی مفادات کو سیاست پر ترجیح دینے کے بجائے سیاست کو ریاست پر فوقیت دینا افسوسناک طرزِ عمل ہے۔ پاکستان کو اس وقت سیاسی محاذ آرائی کے بجائے قومی یکجہتی، معاشی استحکام، روزگار کے مواقع، امن و امان، میرٹ اور کرپشن سے پاک نظام کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ نئے صوبوں اور انتظامی یونٹس کا قیام کسی زبان، نسل یا برادری کے خلاف اقدام نہیں ہونا چاہیے بلکہ اس کا مقصد انتظامی بہتری، اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی، وسائل کی منصفانہ تقسیم اور عوام کو ان کی دہلیز پر سہولیات فراہم کرنا ہونا چاہیے۔ اگر کسی علاقے کے عوام موجودہ انتظامی ڈھانچے سے مطمئن نہیں تو آئینی اور جمہوری طریقے سے ان کی رائے معلوم کرنا ضروری ہے۔
سابق گورنر سندھ نے کہا کہ کراچی پاکستان کا معاشی مرکز ہے اور قومی ترقی میں بنیادی کردار ادا کرتا ہے۔ شہر کے مسائل کو سیاسی یا لسانی تعصب کے بجائے میرٹ، بہتر بلدیاتی نظام، انتظامی خودمختاری اور وسائل کی منصفانہ تقسیم کی بنیاد پر حل کیا جانا چاہیے۔ کراچی کی ترقی پاکستان کی معاشی ترقی سے جڑی ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام اب سیاسی نعروں کے بجائے عملی تبدیلی چاہتے ہیں۔ نوجوانوں کے لیے روزگار، کاروباری طبقے کے لیے سازگار ماحول، شہریوں کے لیے امن و تحفظ اور سرکاری اداروں میں شفافیت وقت کی اہم ضرورت ہے۔ کرپشن، اقربا پروری اور میرٹ کی پامالی کے خاتمے کے بغیر عوام کا اعتماد بحال نہیں ہوسکتا۔ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا کہ قومی مسائل کے حل کے لیے تمام سیاسی و سماجی قوتوں کو ذاتی اور جماعتی مفادات سے بالاتر ہوکر مکالمہ کرنا ہوگا، کیونکہ پاکستان کی سلامتی، استحکام اور قومی مفاد ہر سیاسی اختلاف سے مقدم ہیں۔
دریں اثنا ڈاکٹر عشرت العباد خان دبئی میں مختلف تقریبات میں شرکت کے دوران پاکستان کی سیاسی، سماجی اور قومی صورتحال پر بھی نظر رکھے ہوئے ہیں۔ وہ کراچی میں میری پہچان پاکستان (MPP) کی مرکزی کمیٹی کے رہنماؤں سے رابطے میں ہیں اور تنظیمی سرگرمیوں، عوامی مسائل اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کررہے ہیں۔تنظیم کے کارکنان اور مرکزی رہنما ان کی ہدایات کی روشنی میں تنظیمی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ مرکزی کمیٹی کو فعال بنانے، مختلف شعبہ جات کی تنظیم سازی، نوجوانوں کو متحرک کرنے اور عوامی مسائل اجاگر کرنے کے لیے کام تیز کیا جارہا ہے۔ڈاکٹر عشرت العباد خان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کو ترقی، امن، روزگار، میرٹ اور شفاف حکمرانی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے مثبت اور تعمیری کردار ادا کیا جائے گا۔ ان کے مطابق عوامی خواہشات کو اہمیت دیے بغیر پائیدار تبدیلی ممکن نہیں۔









