تمغہ امتیاز

صدر مملکت نے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پنز پروفیسر خالد محمود کو تمغہ امتیاز سے نوازا

لاہور(زاہد انجم سے)یوم پاکستان کے موقع پر ملک کے معروف نیورو سرجن کو شعبہ نیورو سرجری میں نئے رحجان متعارف کروانے والے پروفیسر خالد محمود کو تمغہ امتیاز سے نواز گیا ہے،پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز کے سربراہ اور وطن عزیز ہی نہیں بلکہ اس خطے میں رعشہ/پارکنسن کے لئے ڈی بی ایس جیسے جدید طریقہ علاج کے بانی پروفیسر خالد محمود کو صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اسلام آباد میں پر وقار تقریب میں تمغہ امتیاز دیا۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ پروفیسر خالد محمود کئی دہائیوں سے پاکستان میں نیورو سرجری کے شعبے سے وابستہ ہیں اور انہوں نے پاکستان ہی نہیں بیرون ملک بھی اپنی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔ای ڈی پنزپروفیسر ڈاکٹر خالد محمود کے لئے یہ امر مزید باعث مسرت ہے کہ انہیں 2023میں تمغہ امتیاز ملنے کے علاوہ پنجاب حکومت کی طرف سے گریڈ21میں ترقی دی گئی جو اُن کی کامیابیوں اور قابلیت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود بیرون ملک اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے بعد دو عشروں سے زائد وطن عزیز میں نیورو سرجری جیسے حساس شعبے میں خدمات سر انجام دے رہے ہیں اور اُن کی ان کامیابیوں کو ملکی و غیر ملکی میڈیکل جرنلز اور جریدوں میں سراہا جا چکا ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود کی 29سے زائد تحقیقی دستاویزات شائع ہو چکی ہیں جبکہ وہ کوریا، برطانیہ اور یورپ سمیت مختلف ممالک میں پاکستان کی نمائندگی کرنے کا اعزاز بھی رکھتے ہیں۔پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود نے تمغہ امتیاز ملنے پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس کامیابی پر اللہ تعالیٰ کے حضور شکر بجا لاتے ہیں اوراپنی باقی زندگی بھی ملک و قوم کے لئے وقف کرنے کو اعزاز سمجھتے ہیں۔

پروفیسرڈاکٹر خالد محمود کوتمغہ امتیاز ملنے پر پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز کے چیئرمین بورڈا ٓ ف مینجمنٹ پروفیسر انجم حبیب وہرہ نے اپنے تہنیتی پیغام میں کہا ہے کہ اس ادارے کے قیام سے لے کر ملک میں دماغی امراض کے مریضوں کے علاج معالجے کے لئے پروفیسر خالد محمود کی خدمات لائق تحسین ہیں۔انہوں نے بلا شبہ اپنے شعبے میں نہ صرف نام کمایا ہے بلکہ وطن عزیز کی خدمت میں بھی کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی۔پروفیسر انجم حبیب وہرہ کا مزید کہنا تھا کہ500بستر کے اس نیورو انسٹی ٹیوٹ کے قیام اور ایک ہی چھت تلے مریضوں کو دماغی امراض کا علاج معالجہ فراہم کرنا پروفیسر خالد محمود کی انتظامی صلاحیتوں کو واضح کرتا ہے جبکہ اس ادارے کو فنکشنل کرنے میں پروفیسر خالد محمود کی خدمات اُن کا روشن باب ہیں جس پر ملک کی میڈیکل کمیونٹی بھی انہیں خراج تحسین پیش کرتی ہے۔