مرتضی وہاب 11

شہریوں کے لیے خوشخبری، ناتھا خان روڈ جلد ٹریفک کے لیے کھول دیا جائے گا، مرتضیٰ وہاب

کراچی(رپورٹنگ آن لائن) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے ناتھا خان روڈ کو بہت جلد ٹریفک کے لیے کھولنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہر کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا اور شہریوں کو بہتر سہولتیں فراہم کرنا ان کی اولین ترجیح ہے، ترقیاتی کاموں میں رکاوٹیں ڈالنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔میئر کراچی نے ناتھا خان روڈ پر جاری ترقیاتی کاموں کا معائنہ کیا، جہاں متعلقہ حکام نے انہیں منصوبے پر ہونے والی پیش رفت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

اس موقع پر انہوں نے منصوبے کی جلد تکمیل اور سڑک کو ٹریفک کے لیے کھولنے کے عزم کا اظہار کیا۔بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ رکاوٹیں ڈالنے اور منجن بیچنے کا وقت گزر چکا ہے، اب وہ خود موقع پر موجود رہ کر ترقیاتی کاموں کی نگرانی کریں گے تاکہ منصوبے کو جلد مکمل کرکے شہریوں کو آمدورفت میں سہولت فراہم کی جا سکے۔انہوں نے کہا کہ شہر کا تحفظ کرنا اور شہریوں کے حقوق کا محافظ بننا ان کی ذمہ داری ہے۔ کراچی کی ترقی کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں اور ان منصوبوں کی تکمیل میں کسی قسم کی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی۔میئر کراچی نے کہا کہ ایئرکنڈیشنڈ دفاتر میں بیٹھ کر احکامات جاری کرنے والوں کو شہر اور شہریوں کی ضروریات کا درست اندازہ نہیں ہوتا۔

عوامی مسائل کے حل کے لیے ضروری ہے کہ متعلقہ حکام خود میدان میں موجود رہیں اور ترقیاتی کاموں کی نگرانی کریں۔مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ وہ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے سپاہی ہیں اور عوام کی خدمت پر یقین رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ وہ شہریوں کی خدمت کے لیے ہر وقت حاضر ہیں اور کراچی کی بہتری کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شہر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کو آگے بڑھایا جائے گا تاکہ شہریوں کو بہتر سفری سہولتیں میسر آئیں اور کراچی کو ایک بہتر اور ترقی یافتہ شہر بنایا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں