سردار ایاز صادق 19

شرح خواندگی میں اضافہ خوشحال اور ترقی یافتہ معاشرے کیلئے ناگزیر ہے،سردار ایاز صادق

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ خواندگی قومی ترقی اور خوشحال معاشرے کی بنیاد ہے،شرح خواندگی میں اضافہ خوشحال اور ترقی یافتہ معاشرے کے لیے ناگزیر ہے۔

خواندگی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ خواندگی محض پڑھنے لکھنے کی صلاحیت کا نام نہیں ہے بلکہ یہ موثر فیصلہ سازی اور معاشرے میں فعال کردار ادا کرنے کا اعتماد فراہم کرتی ہے، معیاری تعلیم تک مساوی رسائی ہر بچے کا بنیادی حق ہے۔ ا نہوںنے کہاکہ نوجوانوں کو تعلیم، ہنر اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ضروری ہے،آئین پاکستان کے تحت 5 سے 16 سال تک کی عمر کے بچوں کو مفت تعلیم کی فراہمی ریاست کی زمہ داری ہے۔ سردار ایاز صادق نے کہا کہ خواتین میں خواندگی کا فروغ تعلیم یافتہ اور مضبوط معاشرے کیلئے کلیدی اہمیت کا حامل ہے،وزیراعظم محمد شہباز شریف کی جانب سے تعلیمی ایمرجنسی کا اعلان ہر بچے کو تعلیم کے دائرے میں لانے کے عزم کا اظہار ہے۔

انہوں نے کہا کہ سکول سے باہر بچوں کو تعلیمی نظام میں شامل کرنے کے لیے وفاق اور صوبوں کے درمیان تعاون ضروری ہے،پارلیمانی کاکس برائے حقوقِ اطفال کی رپورٹ میں سکولوں سے باہر بچوں کو سکولوں میں لانے کے لیے قابلِ عمل تجاویز مرتب کی گئی ہیں،وفاقی اور صوبائی پارلیمانی کاکسز کے اشتراک سے مرتب کی گئی رپورٹ میں سکول سے باہر بچوں کے مسئلے کا زمینی حقائق پر مبنی حل پیش کیا گیا ہے جو قابلِ تحسین ہے۔سپیکر نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی تعلیمی ایمرجنسی کے تحت سکول سے باہر بچوں کو تعلیمی نظام میں شامل کرنے کے اقدامات خوش آئند ہیں، تعلیم کے ساتھ بچوں اور نوجوانوں میں جمہوری اور پارلیمانی شعور اجاگر کرنا بھی قومی ذمہ داری ہے،

قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے انٹرن شپ پروگرامز کے ذریعے اسکول، کالج اور یونیورسٹی کے طلبہ کو جمہوریت اور پارلیمانی امور سے آگاہی فراہم کی جا رہی ہے۔قومی اسمبلی نوجوان نسل کو پارلیمانی اور جمہوری تعلیم سے روشناس کرانے کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گی،تعلیم اور خواندگی کے فروغ کے لیے پارلیمان، حکومت اور معاشرے کے تمام طبقات کو مل کر کردار ادا کرنا ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں