سندھ ہائی کورٹ 16

سپر ہائی وے سے لاپتہ شہری حارث کی بازیابی کی درخواست، پولیس کو اضافی بیان ریکارڈ کرنے کا حکم

کراچی(رپورٹنگ آن لائن) سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچ میں سپر ہائی وے کے قریب سے لاپتہ ہونے والے شہری حارث کی بازیابی سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔ ڈی ایس پی سہراب گوٹھ اور ایس ایچ او سائٹ سپر ہائی وے پولیس رپورٹس کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔پولیس نے عدالت کو بتایا کہ لاپتہ شہری حارث کی گمشدگی کی ایف آئی آر درج کرلی گئی ہے۔

درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ درخواست گزار 30 جولائی کو عدالت کی ہدایت پر متعلقہ پولیس اسٹیشن پیش ہوا تھا، تاہم پولیس نے عدالتی حکم کے باوجود درخواست گزار کے مؤقف کے مطابق مقدمہ درج نہیں کیا۔ وکیل نے کہا کہ پولیس نے مدعی مقدمہ کی مرضی اور بیان کے مطابق مقدمہ درج کرنے کے بجائے اپنی مرضی سے ایف آئی آر درج کی۔

عدالت نے معاملے کا جائزہ لیتے ہوئے درخواست گزار کا مزید بیان دوبارہ ریکارڈ کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے ہدایت کی کہ درخواست گزار کا اضافی بیان دفعہ 161 کے تحت ریکارڈ کیا جائے۔عدالت نے ایس ایس پی کراچی ایسٹ اور متعلقہ ایس ایچ اوز کو عدالتی حکم نامہ ارسال کرنے کی ہدایت کی جبکہ ایم آئی ٹی ٹو کو حکم پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ذمہ داری سونپ دی۔عدالت نے پولیس کو لاپتہ شہری کی بازیابی اور مقدمے کی تفتیش کے حوالے سے تمام قانونی تقاضے مکمل کرنے کی ہدایت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں