کراچی(رپورٹنگ آن لائن)پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد چیئرمین عمران خان کو شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کیے جانے کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے اہل خانہ اور کارکنان کے جائز مطالبے کی تکمیل قرار دیا ہے۔
اپنے ویڈیو بیان میں حلیم عادل شیخ نے کہا کہ عمران خان کی صحت کے لیے کروڑوں دعائیں رنگ لائی ہیں، اللہ تعالیٰ انہیں صحت کاملہ و عاجلہ عطا فرمائے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی اسپتال منتقلی تاریک رات میں روشنی کی ایک کرن اور تازہ ہوا کے جھونکے کے مترادف ہے۔انہوں نے کہا کہ ان شااللہ بہار آئے گی اور عمران خان باہر بھی آئیں گے، تاریک رات ہمیشہ قائم نہیں رہے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان ہمارے درمیان ہوں تو سب کچھ ہے، اس لیے کارکنان ان کی صحت یابی کے لیے خصوصی دعائیں اور قرآن خوانی کریں۔
حلیم عادل شیخ نے کہا کہ آج اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرنے اور یوم تشکر منانے کا دن ہے۔ کارکنان اور عہدیداران پارٹی قیادت کی ہدایات پر مکمل عمل کریں اور نظم و ضبط ہر صورت برقرار رکھیں۔انہوں نے کارکنان کو ہدایت کی کہ وہ اسپتال کے باہر کسی قسم کا مجمع لگانے سے گریز کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ بیرسٹر سلمان اکرم راجہ نے کروڑوں کارکنان اور پارٹی عہدیداران کی جانب سے یہ یقین دہانی کرائی ہے کہ اسپتال کے باہر کوئی ایسا اقدام نہیں کیا جائے گا جس سے صورتحال خراب ہو۔پی ٹی آئی سندھ کے صدر نے کہا کہ کارکنان اپنے جذبات اور جوش کو قابو میں رکھتے ہوئے پارٹی ڈسپلن کی پابندی کریں اور اسپتال کے باہر جمع ہونے کے بجائے عمران خان کی صحت یابی کے لیے دعا کریں اور اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کریں۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت پارٹی کی صفوں میں اتحاد و یکجہتی برقرار رکھنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ہماری یکجہتی، نظریے اور کپتان کے ساتھ وابستگی ہی جدوجہد کو آگے لے کر جائے گی۔حلیم عادل شیخ نے کہا کہ عمران خان کی رہائی، قانون کی بالادستی اور عدلیہ کی آزادی تک تحریک انصاف کی جدوجہد جاری رہے گی۔ پاکستان میں قانون کی حکمرانی اور عدلیہ کی آزادی کے لیے پارٹی اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔انہوں نے کارکنان سے اپیل کی کہ بشریٰ بی بی سمیت جیلوں میں قید تمام سیاسی قائدین اور کارکنان کے لیے بھی خصوصی دعائیں کریں۔
انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ عمران خان سمیت تمام قیدیوں کو آزادی عطا فرمائے اور ان کی مشکلات دور کرے۔حلیم عادل شیخ نے کارکنان پر زور دیا کہ عمران خان کی مستقل رہائی، صحت یابی اور ملک میں بہتر حالات کے لیے دعا کرتے ہوئے پارٹی کی ہدایات پر مکمل عمل کریں اور نظم و ضبط کے ساتھ اپنی جدوجہد جاری رکھیں۔









