سندھ ہائی کورٹ 16

سندھ ہائیکورٹ نے19 صنعتی اداروں کی درخواست نیپرا کی رپورٹ کی روشنی میں نمٹائی کے الیکٹرک کو 6 ماہ میں بہتری کی ہدایت

کراچی(رپورٹنگ آن لائن) سندھ ہائیکورٹ نے سائٹ انڈسٹریل ایریا میں غیر اعلانیہ اور طویل لوڈشیڈنگ کے خلاف 19 صنعتی اداروں کی جانب سے دائر درخواست نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کی رپورٹ کی روشنی میں نمٹا دی۔

نیپرا نے عدالت کو آگاہ کیا ہے کہ کے الیکٹرک کو غیر اعلانیہ، مقررہ شیڈول سے ہٹ کر اور ضرورت سے زیادہ لوڈشیڈنگ بند کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے، جبکہ درخواست گزاروں کے علاقوں میں آئندہ 3 سے 6 ماہ کے دوران لوڈشیڈنگ کم یا ختم کرنے کے لیے اقدامات کرنے کا بھی کہا گیا ہے۔سماعت کے دوران نیپرا کی جانب سے رپورٹ عدالت میں پیش کی گئی۔ ڈپٹی ڈائریکٹر نیپرا نے بتایا کہ صنعتی اداروں کی شکایات پر فیصلہ جاری کردیا گیا ہے اور کے الیکٹرک کو ہدایت کی گئی ہے کہ صارفین کو غیر اعلانیہ یا مقررہ شیڈول سے ہٹ کر بجلی کی بندش کا سامنا نہ کرنا پڑے اور ضرورت سے زیادہ لوڈشیڈنگ بھی نہ کی جائے۔نیپرا کی رپورٹ کے مطابق بجلی چوری، واجبات کی عدم ادائیگی یا فیڈر کے زیادہ نقصانات کو بنیاد بنا کر ایسے صارفین کی بجلی منقطع نہیں کی جاسکتی جو باقاعدگی سے اپنے بل ادا کررہے ہوں۔

نیپرا نے واضح کیا کہ بجلی چوری یا نادہندگی میں ملوث انفرادی صارفین کے خلاف انفرادی بنیادوں پر کارروائی کی جائے، اس کے باعث پورے فیڈر یا علاقے کے باقاعدہ بل ادا کرنے والے صارفین کو سزا نہ دی جائے۔رپورٹ میں کے الیکٹرک کو درخواست گزاروں کے علاقوں میں آئندہ 3 سے 6 ماہ کے دوران لوڈشیڈنگ کم یا ختم کرنے کے لیے اقدامات کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔درخواست گزار صنعتی اداروں کے وکیل راجہ نوید نے عدالت کو بتایا کہ سائٹ انڈسٹریل ایریا میں روزانہ 10 سے 12 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے، جس کے باعث صنعتی سرگرمیاں بری طرح متاثر ہورہی ہیں اور کاروباری امور میں مشکلات کا سامنا ہے۔عدالت نے نیپرا کی رپورٹ اور اس کی جانب سے جاری کردہ ہدایات کی روشنی میں درخواست نمٹا دی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں