کراچی(رپورٹنگ آن لائن)اداکارہ ماہرہ خان نے کہا ہے کہ انہیں زندگی کے اس حصے میں دوبارہ ماں بننے کی توقع نہیں تھی، تاہم انسان اپنی زندگی کے لیے بہت سے منصوبے بناتا ہے اور پھر اللہ کی اپنی منصوبہ بندی ہوتی ہے جو سب سے بہتر ہوتی ہے۔
ماہرہ خان نے ایک روز قبل سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر اعلان کیا تھا کہ وہ جلد دوسری مرتبہ ماں بننے والی ہیں، جس کے بعد مداحوں اور شوبز شخصیات کی جانب سے انہیں مبارکباد اور نیک خواہشات کا سلسلہ شروع ہوگیا۔بعد ازاں ٹورنٹو بین الاقوامی فلمی میلے میں شرکت کے موقع پر ایک خاتون صحافی کو دیے گئے انٹرویو میں ماہرہ خان نے اپنی حمل کی خوشخبری اور اس دوران پیش آنے والے تجربات کے بارے میں تفصیلی گفتگو کی۔اداکارہ نے بتایا کہ انہیں زندگی کے اس مرحلے پر دوبارہ ماں بننے کی توقع نہیں تھی۔ ان کے بقول اس وقت ان کی زندگی ایک خاص سمت میں آگے بڑھ رہی تھی، ان کا بیٹا بڑا ہوچکا تھا اور وہ اپنے کام، معمولات اور خودمختاری کے ساتھ زندگی گزار رہی تھیں۔
ماہرہ خان نے کہا کہ انہوں نے اس مرحلے پر اپنی زندگی کے ایک مخصوص انداز کا تصور کر رکھا تھا، تاہم کئی برس بعد دوبارہ ماں بننے کے سفر کا آغاز ان کے لیے ایک حقیقی جذباتی تبدیلی کا باعث بنا۔انہوں نے کہا کہ انسان اپنی زندگی کے لیے بہت کچھ سوچتا اور منصوبہ بندی کرتا ہے لیکن پھر اللہ کی اپنی منصوبہ بندی ہوتی ہے اور یقیناً اللہ کا منصوبہ سب سے برتر ہے۔اداکارہ کے مطابق اس صورتحال نے انہیں یہ سیکھنے میں بھی مدد دی کہ ہر چیز کو اپنے قابو میں رکھنے یا ہر سوال کا جواب پہلے سے جاننے کی ضرورت نہیں ہوتی، بعض اوقات زندگی کو حیران کرنے اور اللہ کی مرضی کے آگے خود کو سپرد کرنے کی ضرورت ہوتی ہے۔ماہرہ خان نے پہلی مرتبہ ماں بننے کے تجربے کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ جب وہ پہلی بار ماں بنی تھیں تو ان کی عمر 24 سال تھی، جبکہ اب وہ 41 سال کی ہیں اور جذباتی و جسمانی طور پر ایک مختلف عورت ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 24 سال کی عمر میں انہوں نے ماں بننے کے تجربے کو ایک خاص معصومیت کے ساتھ محسوس کیا تھا، صحت اچھی تھی اور وہ ان تمام ممکنہ مشکلات کے بارے میں زیادہ نہیں سوچتی تھیں، تاہم اس مرتبہ صورتحال جسمانی طور پر زیادہ مشکل ثابت ہوئی ہے۔اداکارہ نے کہا کہ بعض دنوں میں ان کا جسم انہیں وہ کام کرنے کی اجازت نہیں دیتا جو ان کا ذہن کرنا چاہتا ہے، جبکہ وہ ہمیشہ مصروف رہنے، کام کرنے، سفر کرنے اور بیک وقت کئی کام کرنے کی عادی رہی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ جذباتی طور پر بھی یہ تجربہ مختلف ہے کیونکہ عمر کے اس حصے میں انسان کے اندر زیادہ شعور ہوتا ہے، وہ زیادہ چیزیں جانتا ہے، زیادہ فکر مند ہوتا ہے اور زندگی کی نزاکت و اہمیت کو زیادہ گہرائی سے سمجھتا ہے۔
ماہرہ خان نے کہا کہ دوسری مرتبہ ماں بننے کے عمل سے گزرنے کے دوران انہیں بے حد خوشی کے ساتھ ساتھ خوف، تھکن اور خود کو کمزور محسوس کرنے جیسے جذبات کا بھی سامنا ہے۔واضح رہے کہ ماہرہ خان نے 2007 میں علی عسکری سے شادی کی تھی۔ ان کے ہاں بیٹے اذلان کی پیدائش 15 ستمبر 2009 کو ہوئی، تاہم دونوں کے درمیان 2016 میں طلاق ہوگئی تھی۔بعد ازاں ماہرہ خان نے سلیم کریم کے ساتھ نئی زندگی کا آغاز کیا اور اکتوبر 2023 میں بھوربن میں دونوں کی شادی ہوئی۔









