کراچی(رپورٹنگ آن لائن)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے کہ دعاگو ہوں، پاکستان سمیت دنیا بھر کے بچوں کا مستقبل امن، محبت اور خوشحالی سے بھرا ہو،ملکی وسائل پر سب سے پہلا حق بچوں کا ہے۔ بلاول ہائوس میڈیا سے بچوں کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہاکہ ہمارے بچے ہی پاکستان کا سب سے قیمتی خزانہ اور روشن مستقبل ہیں۔
الیکشن کے بعد آنے والی پی پی پی حکومت کی اولین ترجیحات میں بچوں کی تعلیم، صحت اور تحفظ پر سرمایہ کاری کرنا شامل ہوگا۔پیپلز پارٹی نے ہمیشہ بچوں کے تحفظ اور بہبود کے لیئے انقلابی اقدامات کیئے ہیں، بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ قائدِ عوام شہید بھٹو کا دیا ہوا 1973 کا آئین بچوں کے تمام حقوق کی ضمانت دیتا ہے۔شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے پاکستانی بچوں کو پولیو جیسے موذی مرض سے بچانے کے لیے ویکسینیشن پروگرام متعارف کرایا۔بینظیر انکم سپورٹ پروگرام ملک کی غریب خواتین کے لیے صدر آصف علی زرداری کا تحفہ ہے۔بینظیر وسیلہِ تعلیم اوربینظیر نشونماجیسے اجزا بھی بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کا حصہ ہیں۔
سندھ میں ان کی جماعت کی سابقہ صوبائی حکومت نے پرائمری سے اعلی ثانوی تک تعلیم مفت کی۔داخلہ و امتحانی فیس کے تمام اخراجات بھی صوبائی حکومت برداشت کرتی ہے۔انہوں نے کہاکہ بچوں کے حقوق کے تحفظ اور بہبود کے لیے سندھ میں انقلابی قانون سازی پیپلز پارٹی کی سابقہ صوبائی حکومتوں کا طرہ امتیاز ہے۔سندھ چائلڈ اتھارٹی ایکٹ2011، سندھ رائٹ آف چلڈرن ٹو فری ایند کمپلسری ایجوکیشن ایکٹ2013 اور سندھ چائیلڈ میریج رسٹرینٹ ایکٹ2013 اس کی مثال ہیں۔مذکورہ قانون سازی میں پروٹیکشن آف بریسٹ فیڈنگ رولز2009 اور سندھ پروٹیکشن اینڈ دی پروموشن آف بریسٹ فیڈنگ اینڈ چائیلڈ نیوٹریشن ایکٹ2013 شامل ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ آج منایا جانے والا یومِ اطفال دنیا سے مطالبہ کر رہا ہے کہ غزہ میں بچوں کے خلاف جاری مظالم کو فورا روکنا ہوگاغزہ میں ہر 10 منٹوں میں ایک بچہ اسرائیلی بارود کا نشانہ بن رہا ہے۔بچوں کا بہیمانہ قتل بربریت کی انتہائی غلیظ شکل ہے، فلسطینی بچوں پر ہونے والے مظالم پر انسانیت ہمیشہ شرمندہ رہے گی۔انہوں نے کہاکہ 1973 کے آئین اور اقوام متحدہ کے کنونشن کی روشنی میں ہم بچوں کی تعلیم، صحت، ترقی اور تحفظ کے حقوق کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے جدوجہد جاری رکھیں گے