محمد جاوید قصوری 15

خیبر پختونخوا میں گورنر راج جمہوری اقدار کے منافی ، منتخب حکومت بحال کی جائے’ جاوید قصوری

لاہور (رپورٹنگ آن لائن)امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ اور گورنر راج کے اقدام کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دو تہائی اکثریت رکھنے والی جماعت کی منتخب حکومت کو ختم کرنے کی کوشش جمہوری اصولوں اور عوامی مینڈیٹ کی توہین ہے،جماعت اسلامی ایسے کسی بھی غیر جمہوری اقدام کو مسترد کرتی ہے اور مطالبہ کرتی ہے کہ عوام کے منتخب نمائندوں کے مینڈیٹ کا احترام کرتے ہوئے منتخب حکومت کو بحال رکھا جائے۔

محمد جاوید قصوری نے کہا کہ حکومت دہشت گردی کے خلاف اقدامات کی آڑ میں سیاسی مخالفین کو دیوار سے لگانے اور سیاسی اختلافات کو دبانے کا سلسلہ بند کرے۔ دہشت گردی ایک سنگین قومی مسئلہ ہے، جس کے خاتمے کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لینا اور قومی یکجہتی کو فروغ دینا ضروری ہے، نہ کہ سیاسی محاذ آرائی کو ہوا دینا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اس وقت معاشی مشکلات، بدامنی اور دہشت گردی جیسے سنگین چیلنجز کا سامنا کر رہا ہے۔ ایسے حالات میں ملک کسی بھی قسم کے داخلی انتشار، افراتفری اور سیاسی تصادم کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ حکمران ہوش کے ناخن لیں، آئین و قانون کی بالادستی یقینی بنائیں اور ایسے اقدامات سے گریز کریں جو جمہوری نظام کو کمزور کرنے کا سبب بنیں۔امیر جماعت اسلامی پنجاب نے کہا کہ عوامی مینڈیٹ کا احترام، سیاسی رواداری اور قومی مفاہمت ہی ملک کو بحرانوں سے نکالنے کا راستہ ہیں۔

حکومت انتقامی سیاست ترک کرکے قومی استحکام اور عوامی مسائل کے حل پر توجہ دے۔ امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض، دمام کے ہوائی اڈوں اور گیس تنصیبات پر حوثیوں کی جانب سے حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسی کارروائیاں علاقائی امن و استحکام کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔ پاکستانی قوم حرمین شریفین اور سعودی عوام کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ کسی بھی ملک کی خودمختاری اور شہریوں کی سلامتی کو نقصان پہنچانا ناقابل قبول ہے۔محمد جاوید قصوری نے کہا کہ جماعت اسلامی پاکستان سمیت دنیا کے کسی بھی ملک میں دہشت گردی اور معصوم انسانوں کے خلاف تشدد کو غیر انسانی عمل سمجھتی ہے اور اس کی کھل کر مذمت کرتی ہے۔ دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کے لیے تمام مسلم ممالک کو باہمی اختلافات ختم کرکے متحد ہونا ہوگا۔

امت مسلمہ کو تقسیم کرنے اور اس کے امن و سکون کو نقصان پہنچانے والی قوتوں کا مقابلہ مشترکہ حکمت عملی اور مؤثر اقدامات کے ذریعے کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اتحادِ امت کی داعی ہے اور مسلم ممالک کے امن، خودمختاری اور تحفظ کے لیے مشترکہ جدوجہد پر یقین رکھتی ہے۔ اسرائیل اور امریکہ کی جانب سے خطے میں کی جانے والی کارروائیوں اور ان کے اثرات کو بھی نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔ مسلم دنیا کو چاہیے کہ وہ عالمی سطح پر دوہرے معیار کے خلاف آواز بلند کرے اور خطے میں امن کے قیام کے لیے مؤثر کردار ادا کرے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں