لاہور (رپورٹنگ آن لائن)امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے صوبائی حکومت کی جانب سے خیبر پختونخواہ کے راستے بند کرنے اور وفاقی حکومت کاخیبر پختونخواہ میں گورنر راج کے نفاذ کے فیصلے پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کی موجودہ نازک صورتحال میں اس نوعیت کی کسی بھی غیر معمولی سیاسی چھیڑ چھاڑ کی گنجائش موجود نہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پہلے ہی سیاسی و معاشی عدم استحکام کا شکار ہے، ایسے میں گورنر راج جیسے سخت اور متنازع اقدامات حالات کو مزید خراب کریں گے، صوبوں کے درمیان اعتماد کے خلا کو بڑھائیں گے اور جمہوری عمل کو نقصان پہنچائیں گے۔محمد جاوید قصوری کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں سیاسی قیادت کی ذمہ داری ہے کہ باہمی افہام و تفہیم، مشاورت اور آئینی راستوں کے ذریعے مسائل کا حل تلاش کرے۔ ملک کو انارکی یا محاذ آرائی نہیں بلکہ اتحاد، اعتدال اور مستحکم پالیسیوں کی ضرورت ہے۔
وفاق اور صوبوں کے درمیان ہم آہنگی ہمیشہ مضبوط جمہوری بنیادوں کی ضمانت رہی ہے، لہٰذا ایسی کسی تجویز یا اقدام سے گریز کیا جائے جو اداروں، صوبوں یا سیاسی جماعتوں کے درمیان تلخی کو بڑھائے۔انہوں نے واضح کیا کہ اگر ملک کو ترقی کے راستے پر حقیقی معنوں میں گامزن کرنا ہے تو تمام سیاسی جماعتوں اور قائدین کو اپنے رویّوں میں مثبت تبدیلی لانا ہوگی، اختلافات کو بات چیت کے ذریعے حل کرنا ہوگا اور عوامی مفاد کو ذاتی مفادات پر ترجیح دینا ہوگی۔ پاکستان اس وقت معاشی مشکلات، مہنگائی، بے روزگاری، امن و امان کے چیلنجز اور گورننس کے بحران کا سامنا کر رہا ہے، ایسے میں کسی قسم کے غیر معمولی سیاسی اقدامات نہ صرف مسائل کو بڑھائیں گے بلکہ عوامی مشکلات میں مزید اضافہ کریں گے۔
محمد جاوید قصوری نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ملک کو سیاسی استحکام، شفافیت، انصاف اور قانون کی بالادستی کی ضرورت ہے۔ ملک کو مزید بحرانوں میں دھکیلنے کے بجائے مشترکہ لائحہ عمل اپنایا جائے۔ جماعت اسلامی ملک میں آئینی حکمرانی، جمہوری تسلسل اور باہمی مشاورت پر مبنی سیاست کی حمایت کرتی ہے اور کسی بھی ایسے غیر جمہوری فیصلے کی مخالفت کرے گی جو عوامی مینڈیٹ اور صوبائی خودمختاری کے منافی ہو۔محمد جاوید قصوری مزید کہا کہ وقت کا تقاضا ہے کہ تمام قومی سیاسی قائدین اپنا مثبت کردار ادا کریں.
برداشت اور اتفاق رائے کو فروغ دیں اور پاکستان کو ترقی، امن اور استحکام کے راستے پر لے جانے میں اپنا مشترکہ حصہ ڈالیں۔موجودہ بلدیاتی نظام کا مقصدعوام کی بجائے بیوروکریسی کا تحفظ ہے۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان کی ہدایت پر پورے پنجاب میں احتجاج اور مظاہرے کئے جائیں گے ۔









