حافظ نعیم الرحمن 8

خواتین کے حقوق کا تحفظ انسانی حقوق کا تحفظ ہے،حافظ نعیم الرحمن

لاہور(رپورٹنگ آن لائن) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ خواتین کے حقوق کا تحفظ درحقیقت انسانی حقوق کا تحفظ ہے، خواتین اور بچیوں پر تشدد کا خاتمہ معاشرے کے تمام طبقات، بالخصوص حکومت کی اہم ذمہ داری ہے۔حافظ نعیم الرحمن نے خواتین پر تشدد کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ تشدد کی روک تھام کے لیے آگاہی، تعلیم اور مردوں کے مثبت کردار کو فروغ دینے کی ضرورت ہے، خواتین پر تشدد کے خاتمے سے متعلق قوانین پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنایا جائے تاکہ کسی خاتون یا بچی کو تشدد کے خوف میں زندگی نہ گزارنی پڑے۔

انہوں نے کہا کہ اسلام نے خواتین کو قابلِ عزت مقام اور مرتبہ عطا کیا ہے، جبکہ آئین پاکستان بھی خواتین کے وقار، مساوات اور قومی زندگی میں ان کی بھرپور شرکت کی ضمانت دیتا ہے۔امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ جدید دور میں آن لائن تشدد کی روک تھام کے لیے بھی مؤثر حفاظتی اقدامات ناگزیر ہیں، خواتین کو کام کی جگہوں پر ہراسانی کا سامنا کرنے کے بجائے محفوظ ماحول اور تحفظ حاصل ہونا چاہیے۔

حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ خواتین کو تعلیم اور روزگار کے شعبوں میں مساوی مواقع فراہم کیے جانے چاہئیں تاکہ وہ معاشرے کی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کر سکیں، خواتین کے لیے محفوظ، باوقار اور مساوی ماحول کا قیام اجتماعی ذمہ داری ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں