بلاول بھٹو

خطے میں امن کیلئے تمام تصفیہ طلب مسائل حل کرنا ہوں گے، بلاول بھٹو

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی اور وزیراعظم کی جانب سے عالمی سفارتی مہم کے لیے تشکیل دی گئی کمیٹی کے سربراہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ جنوبی ایشیا کے خطے کے امن کے لیے تمام تصفیہ طلب مسائل حل کرنا ہوں گے، سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کی اجازت نہیں دیں گے، بھارت کو پانی بطور ہتھیار استعمال نہیں کرنے دیں گے۔

دفتر خارجہ میں وزیراعظم کی جانب سے تشکیل دی گئی سفارتی کمیٹی کو بریفنگ کے بعد میڈیا سے گفتگو میں بلاول بھٹو نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی خطے کیلئے بہت زیادہ نقصان دہ ہے، بھارت نے دہشت گردی کی آڑ میں جارحیت کی، پاکستان دہشت گردی سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک ہے، خطے کو دہشت گردی سے پاک کرنا ہے۔بلاول بھٹو نے کہا کہ بھارتی عوام چاہتے ہیں دونوں ممالک میں امن قائم ہو، پاکستان نے واضح کیا ہے کہ ہم امن اور ڈائیلاگ چاہتے ہیں، پہلگام حملے کے بعد بھارت نے جھوٹ، نفرت اور تقسیم کے ایجنڈے کا سہارا لیا۔

انہوں نے کہا کہ دفتر خارجہ کی طرف سے موجودہ صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، وزیراعظم کی ہدایت کے مطابق سفارتی کمیٹی مختلف ممالک میں جاکر پاکستان کا موقف پیش کرے گی۔چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ غزہ میں اسرائیل نے اشیائے خورونوش کی ترسیل روک رکھی ہے، جس کی وجہ سے ہزاروں بچوں کی زندگیاں خطرے میں ہیں، عالمی برادری فوری طور پر اسرائیل پر دباؤ بڑھا کر غزہ میں امداد کی فراہمی بحال کروائے۔