لاہور (رپورٹنگ آن لائن)حیدر آباد کنگز مین کے کوچ جیسن گلیسپی نے کہا کہ فائنل میں ان کی ٹیم اپنے گیند بازوں کو اتنے رنز فراہم نہ کر سکی جس سے وہ حریف ٹیم پر دباو برقرار رکھتے۔
میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے پشاور زلمی کو مکمل کریڈٹ دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بہتر کھیل پیش کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی۔انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ٹورنامنٹ کے آغاز میں نتائج ان کے حق میں نہ آ سکے، تاہم ٹیم اپنی غلطیوں سے سیکھنے کی کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مارنس لبوشین ایک قائد کے طور پر نمایاں طور پر بہتر ہوئے ہیں اور انہوں نے عملی مثال قائم کرتے ہوئے بہترین قیادت اور موثر رابطے کا مظاہرہ کیا۔ ٹورنامنٹ کے ساتھ ساتھ ان کا اعتماد بھی بڑھتا گیا اور تمام کھلاڑیوں نے ان کی قیادت میں کھیل کر خوشی محسوس کی۔
انہوں نے کہا کہ فائنل میں ان کی ٹیم بلے بازی میں توقعات پر پورا نہ اتر سکی، تاہم ایرون ہارڈی اور عبدالصمد نے شاندارکارکردگی دکھائی۔ سات سے چودہ اوورز کے دوران ان کی ٹیم بہترین بلے بازی کرنے والی ٹیموں میں شامل رہی اور بائیں اور دائیں ہاتھ کے بلے بازوں کے امتزاج پر خاص توجہ دی گئی۔انہوں نے کہا کہ تمام بلے بازوں نے اہم کردار ادا کیا جبکہ حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے عاکف جاوید اور آصف محمود کو موثر انداز میں استعمال کیا گیا۔ ان کے مطابق رائلی میریڈتھ کا ٹیم سے باہر ہونا گیند بازی کے شعبے کی مضبوطی کو ظاہر کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پورے ٹورنامنٹ میں ان کے مقامی گیند بازوں نے شاندار کارکردگی پیش کی۔









