لاہور( رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ کبھی یہ دعوی نہیں کیا کہ پاکستان میں دودھ اور شہد کی نہریں بہہ رہی ہیں لیکن جہد مسلسل سے معاملات بہتر ہو رہے ہیں،حکومت نے مہنگائی پر قابو پالیا ہے ،وہ ملک جو دیوالیہ ہونے کے دہانے پر کھڑا تھا اب وہ معاشی استحکام اور ترقی کی طرف دوڑ رہا ہے۔
داروغہ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت آئندہ بجٹ میں تنخواہ دار طبقہ کیلئے آسانی پیدا کرے گی، برآمدات بڑھانے کی کوشش کررہے ہیں، بجلی کی قیمت فی یونٹ چالیس روپے سے تجاوز کرچکی تھی جس میں سات سے آٹھ روپے کمی کردی ہے ،نئے کنکشن کی آسانی پیدا کردی ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹائر جلانے کی حوصلہ شکنی کرنا ہوگی، ہم نے متبادل ایندھن کا انتظام کرنا ہے خوشی ہے کہ ملکی قیادت کام کررہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ خطے کی صورتحال دیکھتے ہوئے اتحاد واتفاق پیدا کرنے کی ضرورت ہے ،دنیا کو بتانا ہے قوم اکٹھی کھڑی ہے، بھارت کا منہ توڑ کر دکھائیں گے ،عوام کے آگے سرخرو ہوکر دکھائیں گے، امن و اتفاق و اتحاد کا پیغام حکومت کی ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ریاست ہے لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کسی بھی طرح کمزور یا دفاع کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتی۔
انہوں نے کہا کہ گھنائونی دہشت گردی کرنے والوں کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے،واضح کر چکے ہیں پہلگام واقعہ کی تحقیقات میں بھارت سے تعاون کرنے پر تیار ہیں،مدد کریں گے لیکن اگر اسے کمزوری کے طورپر لیا گیا تو پھر بھرپور جواب ملے گا ،حکومت ملک کا دفاع کرے گی ۔
انہوں نے کہا کہ وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ساری دنیا کے اندر جاکر پیغام پہنچایا ہے کہ ہم پر امن ہیں ، دہشتگردی کو برا سمجھتے خواہ وہ پاکستان میں ہو یا بھارت میں ہو ،بھارت اپنی کمزوریوں اور نالائقی کا بوجھ کسی اور پر نہ ڈالے، اگر بھارت کے پاس کوئی ثبوت نہیں ہیں تو اپنی کمزوری کو چھپانے کے لئے بے بنیاد الزام نہ لگائے۔
علی پرویز ملک نے کہا کہ دنیا نے پاکستان کی کاوش کو سراہا ،چین ،امریکہ ،سعودی عرب اور آسڑیلیا تک ایک ہی آواز آئی کہ بھارت بے بنیاد الزامات کے بجائے دہشتگردی کے ثبوت سامنے لائے ، ہمارے صبر کو اگر کمزوری سمجھا گیا تو نہایت عاجزی سے کہوں گا ابھینندن کی چائے کی یاد دہانی کروا دیں گے، ہم نے دہشتگردی سے اربوں ڈالر کا معاشی نقصان اٹھایا ہے ،لاکھوں پاکستانی شہید ہوئے ہیں،ہمیں دہشتگردی کے نقصان کا کوئی درس نہ دے۔