خواجہ آصف 6

آزاد کشمیر میں امن تباہ کرنے کی بھارت کی کوشش ناکام ہو گئی،خواجہ آصف

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں امن تباہ کرنے کی بھارت کی کوشش ناکام ہو گئی،کشمیر میں ایسے عناصر کار فرما ہیں جو بھارت کی ایما پر آزاد کشمیر میں جو قربانیاں ہیں ان کو بھول رہے ہیں،

پاکستان میں دہشت گردی کے پیچھے بھارت اور افغانستان ہیں،بنوں میں افسوس ناک واقعہ پیش آیا، معصوم لوگوں کو شہید کیا گیا، اب وقت آ گیا ہے کہ ہم اتحاد کے ساتھ دہشت گردی کے خلاف فیصلہ کن جنگ لڑیں۔ہفتہ کو پارلیمنٹ ہائوس میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کشمیر میں ایسے عناصر کار فرما ہیں جو بھارت کی ایما پر آزاد کشمیر میں جو قربانیاں ہیں ان کو بھول رہے ہیں۔خواجہ آصف نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں اس وقت بھی ظلم و ستم جاری ہے، وہاں کی لیڈر شپ جیلوں میں زندگی گزارتی رہی ہے، مقبوضہ کشمیر کے کشمیریوں کی قربانیوں کی لمبی داستان ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے خلاف کسی بھی گروپ کے تانے بانے بھارت سے ملتے ہوں تو ہمیں ان کے خلاف فیصلہ کن جنگ لڑنی چاہیے۔انہوںنے کہاکہ بنوں میں افسوس ناک واقعہ پیش آیا، معصوم لوگوں کو شہید کیا گیا، اب وقت آ گیا ہے کہ ہم اتحاد کے ساتھ دہشت گردی کے خلاف فیصلہ کن جنگ لڑیں تاکہ اس دہشت گردی کو ایک ہی بار جڑ سے ختم کیا جا سکے۔وزیر دفاع نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی کے پیچھے بھارت اور افغانستان ہیں، پچھلے سال شکست کے بعد افغانستان بھی بھارت کے ساتھ مل کر پاکستان کی زمین پر دہشت گردی کو فروغ دے رہا ہے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ میرا خیال ہے وقت آ گیا ہے فیصلہ کن جنگ لڑی جائے اور ان کو شکست دی جائے، پاکستان کا کوئی بھی صوبہ ہو وہاں امن کی فضا ہم نے قائم کرنی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں