کراچی ( رپورٹنگ آن لائن) حکومت سندھ نے پورے صوبے میں عاشورہ تک تعلیمی ادارے بند رکھنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ 19 اگست تک تعلیمی ادارے بند رہیں گے، صوبے بھر میں امتحانات کا سلسلہ جاری رہے گا اور چھ محرم تک امتحانات ہوں گے، تمام اساتذہ اور تعلیمی اداروں کا دیگر عملہ ویکسی نیشن لازمی کرائے، ورنہ تنخواہ نہیں ملے گی۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ تعلیم اورمحکمہ بورڈ اینڈ یونیورسٹیز کا اہم اجلاس ہوا ہے۔ اجلاس میں وزیرتعلیم سردارشاہ اور وزیرجامعات اسماعیل راہو نے شرکت کی۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ صوبے بھر میں امتحانات کا سلسلہ جاری رہے گا اور چھ محرم تک امتحانات ہوں گے۔
وزیرتعلیم سندھ سید سردار شاہ نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ 19 اگست تک تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ تمام اساتذہ اور تعلیمی اداروں کا دیگر عملہ ویکسی نیشن لازمی کرائے، ورنہ تنخواہ نہیں ملے گی۔ حکام کا کہنا ہے کہ سندھ بالخصوص کراچی شہر میں کورونا وائرس کی صورتحال اس وقت بھی تسلی بخش نہیں ہے۔ملک کے دیگر صوبوں کی نسبت سندھ اور بالخصوص کراچی اور حیدرآباد میں مریضوں کی تعداد بہت زیادہ ہے اور اس صورتحال کو دیکھتے ہوئے ہم تعلیمی ادارے اس وقت کھولنے کی پوزیشن میں نہیں ہیں۔ خیال رہے کہ صوبائی وزرائے تعلیم کے گزشتہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ سندھ کے تعلیمی ادارے8 اگست تک بند رہیں گے۔









