لاہور (رپورٹنگ آن لائن)پی ٹی آئی رہنما اور سابق وفاقی وزیر حماد اظہر کی بازیابی کے لئے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی ۔حماد اظہر کی والدہ عشر اظہر نے ہائیکورٹ میں حماد اظہر کی بازیابی کے لیے درخواست دائر کی ۔ جس میں آئی جی پنجاب سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ حماد اظہر تاحال لاپتہ ہے،حماد اظہر کی گرفتاری سے متعلق پولیس تصدیق نہیں کررہی ہے۔
حماد اظہر کی والدہ نے درخواست کی ہے کہ عدالت حماد اظہر کی بازیابی کا حکم جاری کرے۔خیال رہے کہ نو مئی واقعات کے سلسلہ میں حماد اظہر پر کئی مقدمات درج ہیں اور وہ 2023ء سے روپوش تھے جبکہ عدالت نے انہیں اشتہاری قرار دیا ہوا تھا۔ پولیس ذرائع کے مطابق حماد اظہر کے خلاف 9مئی اور اس کے بعد کئی مقدمات درج ہیں، حماد اظہر لاہور سمیت مختلف شہروں کی پولیس کو مطلوب تھے۔یاد رہے کہ حماد اظہر کو اتوار کے روز ملتان سے گرفتار کر کے لاہور پولیس کے حوالے کیا گیا تھا۔









