کراچی (رپورٹنگ آن لائن) گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے یومِ فضائیہ کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ 7 ستمبر پاک فضائیہ کے شاہینوں کی جرات، بہادری، پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور لازوال قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا دن ہے۔انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ کے بہادر شاہینوں نے 1965ء کی جنگ میں دشمن کے ناپاک عزائم ناکام بنا کر وطن کے دفاع کی شاندار تاریخ رقم کی۔
ایم ایم عالم سمیت پاک فضائیہ کے تمام شہداء اور غازیوں کو پوری قوم سلامِ عقیدت پیش کرتی ہے، جبکہ وطن کے دفاع کے لیے ان کی قربانیاں قومی تاریخ کا قابلِ فخر باب ہیں۔گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان کے دفاع اور ملکی سلامتی کے تحفظ میں پاک فضائیہ کا کردار ہمیشہ قابلِ فخر اور قابلِ تحسین رہا ہے۔ پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت، نظم و ضبط، جرات اور جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگی قابلِ ستائش ہے۔
سید محمد نہال ہاشمی نے کہا کہ شہداء اور غازیوں کی قربانیاں ہمیں وطن کے دفاع اور قومی سلامتی کے لیے ہر وقت تیار رہنے کا درس دیتی ہیں۔ پوری قوم اپنی مسلح افواج کے ساتھ متحد اور پْرعزم ہے اور پاکستان کی سلامتی، خودمختاری اور دفاع کے تحفظ کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔









