خالد الفالح 73

جی سی سی،چین مجوزہ آزاد تجارتی معاہدے کو ابھرتی صنعتوں کا تحفظ کرناچاہیے،خالد الفالح

ریاض(رپورٹنگ آن لائن)سعودی عرب کے وزیر سرمایہ کاری نے کہا ہے کہ چین اور خلیج تعاون کونسل (جی سی سی)کے درمیان زیرغور مجوزہ آزاد تجارتی معاہدے کوخطے کی ابھرتی ہوئی صنعتوں کا تحفظ کرناچاہیے۔ اس معاہدے کو جلد حتمی شکل دے دی جائے گی۔میڈیارپورٹس کے مطابق وہ الریاض میں عرب چین بزنس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔

وزیربرائے سرمایہ کاری خالد الفالح نے کہاکہ ہمیں اپنی صنعتوں کو برآمدات کے قابل اور بااختیار بنانے کی ضرورت ہے، لہذا ہم امید کرتے ہیں کہ تمام ممالک جو آزاد تجارتی معاہدوں کے لیے ہمارے ساتھ بات چیت کرتے ہیں،وہ جانتے ہیں کہ ہمیں اپنی نئی اور ابھرتی ہوئی صنعتوں کے تحفظ کی ضرورت ہے۔انھوں نے مزید تفصیل فراہم کیے بغیر کہا کہ ہمیں انھیں مارکیٹ کی معاشیات اور کسی قسم کا تحفظ فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔خالد الفالح نے اپنی گفتگو میں اس امید کا اظہار کیا کہ مذاکرات جلد ہی ایک معاہدے کی شکل اختیار کر لیں گے۔

ہم نے ایک طویل سفر طے کیا ہے۔دونوں اطراف کی قیادت مذاکرات پر آمادگی ظاہر کر رہی ہے۔خلیج کی دو بڑی معیشتوں ، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات نے گھریلو اقتصادی ترقی اور غیر تیل کی برآمدات کو فروغ دینے کے لیے نئی صنعتی حکمت عملی کا آغاز کیا ہے۔

سعودی عرب گھریلو مینوفیکچرنگ، کان کنی،معدنیات اور جدید ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں کو ترقی دے رہا ہے۔خالد الفالح نے کہاکہ جی سی سی ممالک ،خاص طور پر خطے کی سب سے بڑی معیشت ، آبادی اور افرادی قوت کے لحاظ سے سعودی عرب، کو توانائی کے شعبے کے علاوہ دیگر شعبوں میں کام کرنے کی ضرورت ہے۔خلیجی ممالک بالخصوص متحدہ عرب امارات اپنی بڑھتی ہوئی توانائی کو تجارتی معاہدوں اور سرمایہ کاری کو شراکت داری میں شامل کر رہے ہیں کیونکہ وہ اپنی ہائیڈرو کاربن مرتکز معیشتوں کو متنوع بنانا چاہتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں