جنرل ہسپتال

جنرل ہسپتال سے نرسنگ کی تعلیم حاصل کرنے والی کوثر تسنیم ڈی جی نرسنگ پنجاب تعینات

لاہور(رپورٹنگ آن لائن)لاہور جنرل ہسپتال سے38برس قبل نرسنگ کی تعلیم حاصل کرنے اور مختلف عہدوں پر فرائض سر انجام دینے کے بعد کوثر تسنیم کو ڈائریکٹر جنرل نرسنگ پنجاب کے عہدے پر تعینات کر دیا گیا ہے،وہ گریڈ 20میں فرائض سر انجام دے رہی ہیں۔ڈپٹی چیف نرسنگ ایل جی ایچ رمضان بی بی، پرنسپل نرسنگ کالج سر وسز ہسپتال اسماء تاج، ڈپٹی نرسنگ سپرٹینڈنٹ میو ہسپتال ساجدہ بٹ، نرسنگ انسٹرکٹرشہناز ڈار اور صدر وائی این اے خالدہ تبسم نے کوثر تسنیم کو ڈی جی نرسنگ تعینات ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے اُن کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔

اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ و امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر کا کہنا تھا کہ صحت کے میدان میں خواتین کی کارکردگی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں اور بالخصوص ایل جی ایچ سے نرسنگ کی تعلیم حاصل کرنے کے بعد ڈائریکٹر جنرل پنجاب تعینات ہونا کوثر تسنیم کے لئے بڑے اعزاز کی بات ہے۔ پروفیسر الفرید ظفر نے کوثر تسنیم کیلئے مبارکباد اور نیک خواہشات کے پیغام میں اُن کی کامیابی کی دعا کی۔

انہوں نے کہا کہ جنرل ہسپتال کا نرسنگ سکول بنیادی طور پر اس شعبے کے لئے بہترین نرسری کا کام کر رہا ہے جہاں سے فارغ التحصیل خواتین نے ملک بھر میں اپنے شعبے کا نام روشن کیا ہے اور گریڈ20جیسے با وقار عہدے پر ڈائریکٹر جنرل نرسنگ تعینات ہونا اسی شاندار سلسلے کی کڑی ہے جس پر نرسنگ کے شعبے سے وابستہ ہر خاتون کو فخر ہونا چاہیے۔

پروفیسر الفرید ظفر نے مزید کہا کہ وقت کے ساتھ ساتھ میڈیکل کے شعبے میں نرسنگ مزید اہمیت کا حامل ہو رہا ہے اور پنجاب پبلک سروس کمیشن سے نرسز کی گریڈ 16میں بلا واسطہ تعیناتی سے اس میدان میں آنے والی خواتین کی زیادہ بہتر انداز میں حوصلہ افزائی ہو رہی ہے۔انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ کوثر تسنیم ڈائریکٹر جنرل نرسنگ بننے کے بعد نرسنگ کمیونٹی کی فلاح و بہبود اور بہتری کے لئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کریں گی۔

اپنی تعیناتی پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کوثر تسنیم نے کہا کہ وہ اپنے فرائض کی انجام دہی میں تمام تر توانائیاں صرف کریں گی، لاہور جنرل ہسپتال کے نرسنگ سکول سے حاصل ہونے والی تعلیم و تربیت کو برؤئے کار لاتے ہوئے اس عہدے کی ذمہ داریوں کو ادا کریں گی اور نئی بچیوں کو نرسنگ کی تعلیم و تربیت، مریضوں کی بہتر دیکھ بھال اور مثبت ماحول کے فروغ کے لئے کاوشیں تیز کریں گی۔

کوثر تسنیم نے اس امر کا اعادہ کیا کہ جنرل ہسپتال سے نرسنگ کی تعلیم حاصل کرنے کے بعد ڈائریکٹر جنرل کے عہدے پر فائز ہونا اعزاز کی بات ہے جس پر یہ اُن کے لئے دوہری مسرت کا باعث ہے۔