اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے پاکستانی نوجوانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہماری نوجوان نسل اپنی محنت، قابلیت اور عزم سے ملک کے مستقبل کو نئی امید دے رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نوجوانوں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں کیا۔
انہوں نے کہا کہ نوجوان صرف مستقبل کے وارث نہیں بلکہ آج کے پاکستان کی تعمیر میں بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں، تعلیم، تحقیق، ٹیکنالوجی، کھیل، کاروبار اور مختلف شعبہ ہائے زندگی میں ہمارے نوجوان اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہے ہیں، ہمیں اپنی نوجوان نسل پر مکمل اعتماد ہے، اگر انہیں درست رہنمائی، معیاری تعلیم، جدید ہنر اور آگے بڑھنے کے مساوی مواقع فراہم کیے جائیں تو یہی نوجوان پاکستان کو ترقی اور خوشحالی کی نئی بلندیوں تک لے جا سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ نوجوانوں کی صلاحیتوں کو مثبت سمت دیں، ان کے خوابوں کو مواقع میں بدلیں اور انہیں قومی ترقی کے سفر کا حقیقی شراکت دار بنائیں۔









