تازہ انجیر

تازہ انجیر خواتین کیلئے انتہائی مفید ہے، غذائی ماہرین

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن) غذائی ماہرین نے کہا ہے کہ تازہ انجیر خواتین کیلئے انتہائی مفید ہے۔ تازہ انجیر چھاتی کے کینسر, خون و دل کے امراض اور ذیابیطس سے تحفظ کے علاوہ دیگر کئی امراض میں بھی فائدہ مند ہے۔

ماہر غذائیت بشی جدعون نے کہا ہے کہ تازہ انجیر خواتین کے لیے بے حد مفید ہے۔ اس میں ریشے اور اینٹی آکسائیڈ بڑی مقدار میں موجود ہوتے ہیں۔ انجیر کے استعمال سے خواتین چھاتی کے کینسر سے محفوظ رہ سکتی ہیں۔ سیدتی میگزین کی رپورٹ کے مطابق انہوں نے کہا ہے کہ انجیر میں بھاری مقدار میں موجود ریشے خون کے نظام کو بہتر بناتے اور بلڈ پریشرمیں توازن پیدا کرتے ہیں۔

اس کے علاوہ یہ فری ریڈ سیلز کی مقدار کو بھی کم کر دیتے ہیں۔ فری ریڈ سیلز وقت کے ساتھ ساتھ جسمانی خلیوں اور انسانی اعضاء کو کمزور کر دیتے ہیں جن کی وجہ سے بہت سے امراض اور دل کی بیماریاں بھی لاحق ہو سکتی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق تازہ انجیر کے استعمال سے قبض کی شکایت بھی ختم ہو جاتی ہے۔ ایک طبی تحقیق کے مطابق روزانہ آٹھ انجیر کھانے سے قبض اور پیٹ کے مسائل کو ختم کیا جا سکتا ہے۔

مزید برآں انجیر وزن کم کرنے کے لیے بھی مفید ہے. اس کے علاوہ انجیر سے ذیابیطس کے مرض کو بھی کنٹرول کیا جا سکتا ہے۔ امریکہ کی ذیابیطس سوسائٹی کے مطابق انجیر میں موجود پوٹاشیم ذیابیطس کو جذب کرنے میں معاون ثابت ہوتی ہے۔ اس کے علاوہ انجیر کے استعمال سے کولیسٹرول کی مقدار بھی گھٹتی ہے. اس میں موجود ٹیکٹن مادہ پانی میں جلد حل ہو جانے والے ریشوں سے تعلق رکھتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق تازہ انجیر کے استعمال سے دل کے امراض کا خطرہ کم کیا جا سکتا ہے۔ اس کے علاوہ خشک انجیر غذائی عناصر سے بھر پور ہے اور دل کے امراض کے خطرات کو کم کرنے میں معاون ہے۔ تازہ انجیر سے ہائی بلڈ پریشر کا مرض بھی نہیں ہوتا کیونکہ اس میں پوٹاشیم بھاری مقدار میں موجود ہوتا ہے جبکہ سوڈیم کی مقدار انتہائی معمولی ہوتی ہے۔