عمران خان

بڑے چوروں کو لوٹ مار کی کھلی آزادی تیسری دنیا میں غربت کی بڑی وجہ ہے،عمران خان

اسلام آ باد (رپورٹنگ آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین وسابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ نیب قانون میں ترمیم کے ذریعے امپورٹڈ کٹھ پتلیوں کی جانب سے خود کو این آر او دوم دینے کی شرمناک کوشش ہے، نظامِ احتساب کی تباہی سازش سے مسلط ہونے والی کٹھ پتلیوں کا کلیدی ہدف تھا، ان بڑے چوروں نے نیب قانون کو بدل کر قوم کے لوٹے گئے 1200 ارب ہضم کرنے کی شرمناک کوشش کی ہے،بڑے چوروں کو لوٹ مار کی کھلی آزادی تیسری دنیا میں غربت کی بڑی وجہ ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا جس میں امپورٹڈ حکومت کی جانب سے نیب قانون میں ترامیم کے ذریعے نظامِ احتساب دفن کرنے کو کوششوں پر مفصل بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں عمران خان نے نیب قانون میں ترامیم کی بھرپور مزاحمت کی ہدایت دی جبکہ فواد چوہدری اور دیگر کو نیب قانون میں ترامیم کی شرمناک سازش اور اسکے اہداف سے قوم کو تفصیلی طور پر آگاہ کرنے کی بھی ہدایت دی۔ علاوہ ازیں چیئرمین تحریک انصاف نے جماعتی ترجمانوں کو بھی معاملے کو سیاسی مباحثے کا حصہ بنانے کی خصوصی ہدایت دی۔

اجلاس میں پاکستان تحریک انصاف نے آج یومِ سیاہ منانے کا اعلان کیا اور کہا کہ پارٹی رہنما کالی پٹیاں باندھیں گے اور نظامِ احتساب کی تباہی کی شرمناک کوشش بھرپور انداز میں اجاگر کریں گے۔ عمران خان نے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نظامِ احتساب کی تباہی سازش سے مسلط ہونے والی کٹھ پتلیوں کا کلیدی ہدف تھا۔

انہوں نے کہا کہ روزِ اول سے نشاندہی کر رہا ہوں کہ ان کے آنے کا واحد مقصد خود کو این آر او دوم دلوانا ہے، چوروں کو این آر او دوم دیکر نظام احتساب کو باضابطہ طور پر دفن کرنے کا اہتمام کیا گیا ہے، ان بڑے چوروں نے نیب قانون کو بدل کر قوم کے لوٹے گئے 1200 ارب ہضم کرنے کی شرمناک کوشش کی ہے۔ سابق وزیراعظم کا کہنا ہے کہ بڑے چوروں کو لوٹ مار کی کھلی آزادی تیسری دنیا میں غربت کی بڑی وجہ ہے، 26 سال بڑے چوروں کو قانون کے تابع کرنے، احتساب کا نظام مضبوط بنانے کیلئے جدوجہد کی۔

پی ٹی آئی چیئرمین کا کہنا ہے کہ ایک طرف ملک نہیں سنبھل رہا دوسری طرف چوری معاف کروانے کی انکی کوششیں گوارا کی جارہی ہیں، اس کرپٹ سفاک گروہ نے پاکستان کی اخلاقیات تباہ کردی ہیں۔ عمران خان نے مزید کہا کہ اقتدار میں آکر لوٹ مار کرنا اور ادارے تباہ کرکے اس لوٹ مار کو بچانا کلچر بنا دیا گیا ہے، مجرموں کے ٹولے کی اس شرمناک کوشش کی ہر سطح پر مزاحمت کریں گے۔