کراچی (رپورٹنگ آن لائن)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سوات کے علاقے کبل میں پولیس اسٹیشن کے قریب ہونے والے خودکش دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے دہشت گرد حملے میں بے گناہ شہریوں اور پولیس اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔اپنے تعزیتی بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے شہداء کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس المناک سانحے میں جاں بحق ہونے والوں کے اہلِ خانہ کے غم میں پوری قوم برابر کی شریک ہے۔
انہوں نے زخمیوں کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔چیئرمین پیپلز پارٹی نے دہشت گردوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کرنے والے پولیس اہلکاروں کی جرآت، فرض شناسی اور قربانی کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وطن کے محافظوں کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اس بزدلانہ حملے میں ملوث دہشت گرد اور ان کے سہولت کار جلد اپنے منطقی انجام کو پہنچیں گے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشت گردی قوم کے امن، استحکام اور اتحاد کو ہرگز متزلزل نہیں کر سکتی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک افواج، پولیس اور تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔









