خالد مقبول صدیقی 19

ایک رہنماء کو ادراک ہو گا کہ انکے کس بیان کو دشمن ملک سرخی بنا رہا ہے، خالد مقبول صدیقی

کراچی(رپورٹنگ آن لائن)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے چیئرمین ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ ایک قومی رہنما کو ادراک ہو گا کہ ان کے کس بیان کو دشمن ملک سرخی بنا رہا ہے، میں سمجھتا ہوں مولانا فضل الرحمٰن وضاحت پیش کریں گے۔کراچی میں ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماؤں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جمہوری ملک میں سیاسی جماعتوں کو اختلاف کی بات کرنے کی اجازت ہے، ہر نقطہ نظر بیان کرنے کی حد ہوتی ہے کہ اس سے قومی بیانیہ متاثر نہ ہو۔

خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ہم سب کو اپنی قومی ذمے داری ادا کرنی چاہیے، ہمیں سیاسی بلوغت کا خیال رکھنا چاہیے، سوچنا چاہیے کہ ہمارے بیانیے سے دشمن کو خوش ہونے کا موقع نہ ملے۔انہوں نے کہا کہ کیا ایسا بیانیہ ہونا چاہیے کہ جو قومی بیانیے کی نفی کرتا ہو؟ وہ آگ جو ہمارے خطے میں بڑھ رہی تھی وہ افواجِ پاکستان کی کوششوں سے رکی، ایسے موقع صدیوں میں قوموں کو خدا دیتا ہے، اس کی حفاظت کیجیے۔

ایم کیو ایم پاکستان کے چیئرمین نے کہا کہ معرکہ حق کے ایک سال بعد اپنے خطے کی قیادت کرتے نظر آ رہے ہیں، ملک کو جو عزت اور وقار ملا ہے اس کو ایسے بیانات سبوتاڑ کر رہے ہیں۔خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ایم کیو ایم کی جانب سے کبھی ایسی کوئی بات نہیں کی گئی، ہم پاکستان زندہ باد کے نعرے کے ساتھ کھڑے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں