ایکسائز لاہور

ایکسائز لاہورکا” بڑا کارنامہ” بند ہوٹل کو شراب فروخت کرنے کا اجازت نامہ دیدیا۔

ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ لاہور نے ایک سال سے زائد عرصہ سے بند ایمبیسڈر ہوٹل کو شراب فروخت کرنے کی اجازت دیدی ہے۔

ڈیوس روڈ پر واقع ایمبیسڈر ہوٹل L-2 کا لائسنس اور پرمٹ ہولڈرز غیر مسلموں کو پرچون میں شراب بیچنے کا اختیار رکھتا ہے مذکورہ لائسنس پر سال جولائی میں ری نیو کیا جاتا ہے تاہم ایکسائز برانچ لاہور نے مبینہ طورپر لاکھوں روپے رشوت کے عوض بندش کے باوجود مذکورہ ہوٹل کے لائسنس کی تجدید کر دی ہے اور تجدید کے اس عمل میں ای ٹی او عبدالرحمن ملوث بتائے جاتے ہیں۔
ایکسائز لاہور
ذرائع کے مطابق ای ٹی او ایکسائز لاہور عبدالرحمن نے تحریری طورپر اعتراف کیا یے کہ ایمبیسڈر ہوٹل گزشتہ ایک سال سے مرمت کے باعث بند پڑا ہے لیکن اس کے باوجود ہوٹل کے لائسنس کی تجدید کر دی گئی ہے۔

اس سلسلے میں گفتگو کرتے ہوئے ای ٹی او ایکسائز لاہور عبدالرحمن کا کہنا تھا کہ ایمبیسڈر ہوٹل کے ایل ٹو کے لائسنس کی تجدید ڈائیریکٹر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن لاہور ریجن ڈی نے کی ہے وہ ہی اتھارٹی ہیں۔

تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ ای ٹی او ایکسائز لاہور عبدالرحمن نے ڈائیریکٹر ایکسائز ریجن ڈی کو اندھیرے میں رکھتے ہوئے لائسنس کی تجدید کروائی ہے اور اس کے عوض مبینہ طورپر لاکھوں روپے رشوت لی ہے