اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)پی ٹی آئی رہنما مہربانو قریشی نے وزیر اطلاعات خیبر پختونخوا شفیع جان کی جانب سے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز پر کی جانے والی تنقید کی مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ پنجاب اسمبلی میں جو گند اچھالا گیا وہ ان ارکان کی اپنی تربیت کی غمازی کرتا ہے، ہمیں اس سطح پر نہیں اترنا چاہیے۔
مہربانو قریشی نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ مریم نواز پر تنقید کے لیے بہت کچھ موجود ہے، لیکن ان کے خلاف غیر پارلیمانی اور غیر شریفانہ زبان کا استعمال غلط اور توہین آمیز ہے۔انہوںنے کہاکہ ایک خاتون اور ساتھی پارٹی رکن کی حیثیت سے شفیع جان پر زور دیتی ہوں کہ وہ اپنے الفاظ واپس لیں اور معافی مانگیں۔مہربانو قریشی نے کہا کہ پنجاب اسمبلی میں جو گند اچھالا گیا وہ ان ارکان کی اپنی تربیت کی غمازی کرتا ہے، ہمیں اس سطح پر نہیں اترنا چاہیے۔









