وزیر خارجہ

ایران کو ایٹمی ہتھیاروں سے باز رکھنے کے لیے سفارتی راستے کو مسترد نہیں کرتے، اسرائیل

تل ابیب (رپورٹنگ آن لائن)اسرائیلی وزیر خارجہ گیڈون سار نے کہا ہے کہ اسرائیل ایران کو ایٹمی ہتھیار رکھنے سے روکنے کے لیے سفارتی راستے کو مسترد نہیں کرتا۔

میڈیارپورٹس کے مطابق انہوں نے کہا تہران اور امریکہ کے درمیان بالواسطہ بات چیت کے امکانات کے اشارے مل رہے ہیں۔ گیڈون سار نے مزید کہا کہ جیسا کہ آپ جانتے ہیں ہم ایرانیوں کے ساتھ بات چیت نہیں کر رہے۔ تاہم انہوں نے واضح طور پر امریکہ کے ساتھ بالواسطہ مذاکرات کرنے پر آمادگی کا اشارہ دیا اور کہا اگر یہ مذاکرات شروع ہو جائیں تو مجھے کوئی تعجب نہیں ہو گا۔

گیڈون سار نے اس بات پر بھی زور دیا کہ فرانس کے ساتھ اسرائیل کا مشترکہ ہدف ایران کو جوہری ہتھیار رکھنے سے روکنا ہے۔ جمعرات کو فرانس کے دورے کے دوران اسرائیلی وزیر خارجہ کہا کہ ایران کو جوہری ہتھیار بنانے سے روکنے کا ہدف فرانس اور اسرائیل کا مشترکہ مقصد ہے۔

انہوں نے اپنے فرانسیسی ہم منصب جین نول بیروٹ سے ملاقات میں انہیں اسرائیل کا دورہ کرنے کی دعوت دی تاکہ فرانسیسی فریق کے ساتھ مذاکرات کو جاری رکھا جا سکے۔