حلیم عادل شیخ

اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ کے گھر پر انسداد تجاوزات فورس کا چھاپہ‘ ملازم گرفتار

کراچی (رپورٹنگ آن لائن)کراچی میں اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ کی رہائش گاہ پر پولیس کے بعد انسداد تجاوزات فورس نے چھاپہ مارا۔پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حلیم عادل دوسری بار بھی گھر پر نہ ملے تو انسداد تجاوزات فورس نے مقدمے میں نامزد حلیم عادل کے ملازم کو حراست میں لے لیا۔حکام انسداد تجاوزات فورس کا کہنا ہے کہ حلیم عادل نے انسداد تجاوزات کیس میں ضمانت نہیں کرائی۔

اس سے پہلے ہفتے کی رات کو بھی پولیس حلیم عادل کے گھر پہنچی تھی اور مقدمے میں ضمانت کے کاغذات دیکھ کر واپس چلی گئی تھی۔حلیم عادل شیخ نے آصف زرداری پر مخالفانہ کارروائی کا الزام لگا دیا جبکہ تحریک انصاف کے رہنما علی زیدی اور دیگر حلیم عادل شیخ کی رہائش گاہ پہنچ گئے۔علی زیدی نے کہا کہ حکومت گھبراہٹ کا شکار ہے، چھاپے کے خلاف جہاں ہو سکا جائیں گے۔ادھر پی ٹی آئی کارکنان نے حلیم عادل شیخ کے گھر پر پولیس کے چھاپے کے خلاف نیشنل اسٹیڈیم روڈ پر احتجاج کیا اور حکومت سندھ کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔