عدالت 5

وفاقی آئینی عدالت نے ای او بی آئی کی اپیل منظور کر لی، تحریری حکم جاری

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وفاقی آئینی عدالت نے ای او بی آئی کی اپیل منظور کر لی ہے، اس سے متعلق تحریری حکم بھی جاری کر دیا۔تفصیلات کے مطابق وفاقی آئینی عدالت نے اسلام آباد ہائی کورٹ کا فیصلہ، وفاقی محتسب اور صدرِ پاکستان کے احکامات کالعدم قرار دے دیے۔عدالت نے قرار دیا ہے کہ وفاقی محتسب پنشن اہلیت کے قانونی طریقہ کار کو نظر انداز نہیں کر سکتے، قانونی تقاضے پورے نہ کرنے والے کو پنشن نہیں دی جا سکتی۔

چیف جسٹس امین الدین خان کے تحریر کردہ 12 صفحات کے حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ پنشن کی درخواست مسترد ہونا بذاتِ خود بدانتظامی نہیں، قانونی اہلیت کے تنازع کو محض بدانتظامی کا نام دے کر محتسب کا دائر اختیار نہیں بڑھایا جا سکتا۔عدالت کے مطابق پنشن کے لیے عمومی طور پر کم از کم 15 سال کی شراکت درکار ہے، جبکہ درخواست گزار جاوید اقبال بھٹی کی بیمہ شدہ ملازمت 6 سال سے بھی کم تھی، یکم جولائی 2008 سے بیمہ شدہ ہونے کے باعث انہیں 5 سال کی خصوصی رعایت بھی حاصل نہیں تھی۔عدالت نے واضح کیا کہ پہلے دی گئی 48 ہزار روپے کی اولڈ ایج گرانٹ پنشن کا حق پیدا نہیں کرتی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں