انگلش کپتان جو روٹ

انگلش کپتان جو روٹ نے ویسٹ انڈیز کیخلاف میچ کھیلنے سے معذرت کرلی

مانچسٹر(آئی این پی) انگلش کرکٹ ٹیم کے کپتان جو روٹ نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ کھیلنے سے معذرت کرلی۔تفصیلات کے مطابق انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان جو روٹ ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ کا حصہ نہیں ہوں گے،

ای سی بی کے مطابق جو روٹ کے ہاں ننھے مہمان کی آمد متوقع ہے جس کے سبب وہ ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ نہیں کھیل سکیں گے۔جو روٹ کی دستبرداری کے بعد بین اسٹوکس کپتان بننے کے مضبوط امیدوار بن گئے ہیں، فاسٹ بولر اسٹیورٹ براڈ نے بھی بین اسٹوکس کو کپتان بنانے کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ بین اسٹوکس جو روٹ کی عدم موجودگی میں بہترین قیادت کے فرائض انجام دے سکتے ہیں۔

براڈ نے کہا کہ اسٹوکس کی کارکردگی میں گزشتہ چند سالوں میں نمایاں بہتری ا?ئی ہے اور وہ کپتانی کے اہل ہیں، ان پر کپتانی کا اضافی دباؤ نہیں ہوگا۔واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا آغاز آئندہ ماہ کے اوائل میں ہوگا اور کویڈ 19 کی وجہ سے بغیر شائقین کے کرکٹ کھیلی جائے گی۔

علاوہ ازیں ویسٹ انڈیز سے سیریز کے بعد انگلینڈ اور پاکستان کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی، دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹیسٹ اور تین ٹی ٹوینٹی میچز کی سیریز کھیلی جائے گی۔