عدالت 14

انمول پنکی منشیات کیس، عدالت کا شریک ملزمان کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم

کراچی(رپورٹنگ آن لائن)انسدادِ منشیات عدالت نے منشیات کے مقدمے میں نامزد ملزمہ انمول عرف پنکی کو ویڈیو لنک کے ذریعے پیش کیے جانے کے دوران شریک ملزمان کی عدم حاضری پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں گرفتار کرکے عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

عدالت میں کوکین کوئن انمول عرف پنکی اور دیگر کے خلاف منشیات کیس کی سماعت ہوئی۔ جیل حکام کی جانب سے ملزمہ انمول پنکی کو ویڈیو لنک کے ذریعے عدالت میں پیش کیا گیا، تاہم اس کے بھائی محمد ناصر اور شریک ملزمہ نسیم بی بی عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔عدالت نے دونوں ملزمان کی عدم حاضری پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے محمد ناصر اور نسیم بی بی کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔

عدالت نے تفتیشی افسر کو ہدایت کی کہ دونوں ملزمان کو گرفتار کرکے آئندہ سماعت پر عدالت میں پیش کیا جائے۔ عدالت نے تفتیشی افسر سے مقدمے کا چالان بھی طلب کرلیا۔پراسیکیوشن کے مطابق مقدمے میں انمول عرف پنکی، اس کا بھائی محمد ناصر اور نسیم بی بی نامزد ہیں۔ ملزمان پر منشیات فروخت کرنے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں اور ان کے خلاف 2019 میں اینٹی نارکوٹکس فورس نے مقدمہ درج کیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں