کراچی(رپورٹنگ آن لائن)ڈرگ ڈیلر انمول عرف پنکی اور دیگر ملزمان کی تین مقدمات میں بریت کے خلاف پراسیکیوشن نے اپیل تیار کرلی ہے، جس کا ڈرافٹ منظوری کے لیے پراسیکیوٹر جنرل سندھ اور دیگر متعلقہ حکام کو ارسال کردیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق حکام کی منظوری کے بعد انمول عرف پنکی اور دیگر ملزمان کی بریت کے خلاف سندھ ہائیکورٹ میں اپیل دائر کی جائے گی۔ اپیل میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جنوبی کی جانب سے سنایا گیا فیصلہ طے شدہ قانونی اصولوں کے خلاف اور عجلت میں کیا گیا۔اپیل کے مطابق 13 اگست کو ملزمان پر فرد جرم عائد کی گئی، جس پر ملزمان نے صحت جرم سے انکار کیا۔ عدالت نے اسی روز گواہوں کو طلب کرنے کے لیے نوٹس جاری کیے جبکہ پراسیکیوٹر کو بھی نوٹس جاری کیا گیا۔پراسیکیوشن کے مطابق عدالت نے 13 اگست کی شام ہی ملزمان اور پراسیکیوٹر کی عدم موجودگی میں بریت کا فیصلہ سنا دیا، حالانکہ عدالتی نوٹس جاری ہونے کے بعد پراسیکیوٹر کو کم از کم 24 گھنٹے کا وقت دیا جانا چاہیے تھا۔
اپیل میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ فرد جرم عائد کرنے کے بعد فاضل جج کو پراسیکیوشن کو مقدمہ پیش کرنے اور اپنا مؤقف بیان کرنے کا مناسب موقع دینا چاہیے تھا، جو نہیں دیا گیا۔ مزید کہا گیا ہے کہ عدالت نے مقدمے کے کسی گواہ کو بھی طلب نہیں کیا۔پراسیکیوشن نے سندھ ہائیکورٹ سے استدعا کی ہے کہ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جنوبی کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے انمول عرف پنکی اور دیگر ملزمان کی بریت منسوخ کی جائے۔









