فیصل کریم کنڈی 15

امریکا۔ایران جنگ کے اثرات اور عالمی سطح پر درپیش معاشی چیلنجز کے پیش نظر مالیاتی نظم و ضبط اختیار کرنا وقت کی ضرورت ہے، گورنر خیبرپختونخوا

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ موجودہ عالمی معاشی غیر یقینی صورتحال، امریکا۔ایران جنگ کے اثرات اور عالمی سطح پر درپیش معاشی چیلنجز کے پیش نظر مالیاتی نظم و ضبط اختیار کرنا وقت کی ضرورت ہے۔ گورنر آفس سے جاری بیان کے مطابق گورنر خیبرپختونخوا نے صوبائی اسمبلی سے منظور ہونے والے صوبائی اسمبلی کی فنانس کمیٹی کے بل پر مئی 2026 میں ہی تحفظات کا اظہار کیا تھا۔گورنر نے سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی کی جانب سے 30 اپریل کو بھجوائے گئے بل پر اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے لکھا تھا کہ قانون پر عمل درآمد کے دوران وزیراعظم کے 14 نکاتی کفایت شعاری پروگرام کی روح کے مطابق اقدامات کو یقینی بنائے۔

گورنر نے اپنی آبزرویشن میں کہا کہ غیر ضروری اخراجات میں کمی، سرکاری وسائل کے موثر استعمال، ایندھن کی بچت، غیر ضروری مراعات کے خاتمے اور مالی نظم و ضبط کو ہر سطح پر یقینی بنایا جانا چاہیے تاکہ عوامی وسائل کا موثر اور ذمہ دارانہ استعمال ممکن بنایا جا سکے۔ انہوں نے سفارش کی کہ صوبائی اسمبلی کی فنانس کمیٹی بل پر عمل درآمد کے دوران ان اصولوں کو حقیقی معنوں میں نافذ کرنے کے لیے مناسب اقدامات کرے تاکہ صوبائی قانون سازی وفاقی حکومت کے معاشی ہنگامی فریم ورک اور کفایت شعاری پالیسی سے ہم آہنگ رہ سکے۔ گورنر نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ متعلقہ ادارے قومی وسائل کے تحفظ، کفایت شعاری اور ذمہ دارانہ مالی نظم و نسق کے فروغ کے لیے موثر کردار ادا کریں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں