خواجہ سعد رفیق 9

کشمیریوں کو ووٹ کا حق ملنا چاہیے، اختلافِ رائے غداری نہیں،سعد رفیق

گجرات (رپورٹنگ آن لائن) سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ کشمیریوں کو ووٹ کا حق ملنا چاہیے، اختلافِ رائے غداری نہیں۔

گجرات میں کشمیر انتخابات کے حوالے سے ایل اے 38 جموں 5 کے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق کہنا تھا کہ کشمیریوں سے بڑا پاکستانی کوئی نہیں، جو اپنے خون سے آزادی کے لیے قربانیاں دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کے جائز مطالبات پر بات ہونی چاہیے اور انتخابات میں رکاوٹیں نہیں ڈالنی چاہئیں تاکہ انہیں ووٹ کے ذریعے حقِ رائے دہی مل سکے۔

سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ کشمیر میں موجودہ صورتحال بیڈ گورننس کا نتیجہ ہے اور مسائل کے حل کے لیے بات چیت کا ماحول پیدا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، لاک ڈاؤن مسائل کا حل نہیں، جبکہ اختلافِ رائے رکھنے والوں کو غدار قرار دینا بھی درست نہیں۔

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ جنگیں صرف فوج نہیں بلکہ پوری قوم لڑتی ہے اور ان کے نتائج بھی قومیں ہی بھگتتی ہیں۔

ان کا بھارت کو پاکستان اور کشمیریوں کا سب سے بڑا دشمن قرار دیتے ہوئے کہنا تھا کہ وہ موجودہ صورتحال سے فائدہ اٹھا رہا ہے، اس لیے کشمیر کے مسئلے کا پائیدار حل نکالنا ضروری ہے، وہ اس وقت کسی سرکاری عہدے پر نہیں، تاہم کشمیریوں کے مسائل کے حل کے لیے کوئی راستہ ضرور نکلنا چاہیے۔

اپنے خطاب میں سابق وفاقی وزیر نے یہ بھی کہا کہ اگر کشمیریوں کے ووٹ کو شمار نہ کیا جائے تو اس کا مطلب کشمیر کو تسلیم نہ کرنا ہے۔

آخر میں خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ اگرچہ وہ اور عابد رضا کوٹلہ گزشتہ انتخاب ہار گئے، تاہم ان کا سیاسی سرمایہ پہلے سے زیادہ مضبوط ہوا ہے، اور سیاسی کارکن سخت حالات کا سامنا کرتے ہیں مگر گالی کا جواب گالی سے نہیں دیتے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں