بلاول بھٹو زرداری 19

اسلام آباد ناکام ہوچکا تو اسے تھرپارکر کے حوالے کردیں، بلاول بھٹو

مٹھی(رپورٹنگ آن لائن) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اگر اسلام آباد ناکام ہوچکا ہے تو اسے تھرپارکر کے حوالے کردیں، ہم اسے ٹھیک کردیں گے۔

تھرپارکر میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ تھر میں جو تبدیلی نظر آتی ہے وہ پورے پاکستان میں دکھائی نہیں دیتی، پورا پاکستان حیران ہے کہ تھر کہاں پہنچ گیا ہے، تاہم کچھ لوگوں کو تھر کی ترقی ہضم نہیں ہورہی۔ اسلام آباد سے بھی کہنا چاہتا ہوں کہ اسے تھر جیسی ترقی پر توجہ دینی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ایک بیانیہ چلایا جارہا ہے کہ نظام تباہ ہوگیا ہے، اس لیے نئے صوبے بنائے جائیں، اگر اسلام آباد ناکام ہوگیا ہے تو اسے تھرپارکر کے حوالے کردیں، ہم اسے ٹھیک کردیں گے۔بلاول بھٹو نے کہا کہ اسلام آباد کو تھرپارکر کے حوالے کرکے وہاں کے بچوں کو تھر کے تعلیمی اداروں میں داخل کرایا جائے تو وہاں بھی تھر جیسے کامیاب نوجوان سامنے آئیں گے۔

ہمیں صرف اسلام آباد کی ذمہ داری دے دیں، ہم دکھادیں گے کہ تھر کے نوجوان کیا کچھ کرسکتے ہیں۔انہوں نے کراچی میں ایک سیاسی جماعت کی جانب سے انتشار اور نفرت کی سیاست کے حوالے سے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایم ڈی کیٹ کے نتائج میں تھر کے بچے نمایاں پوزیشن حاصل کرتے ہیں، تاہم انہیں مبارکباد دینے کے بجائے نفرت کی سیاست کی جاتی ہے، ایسی سیاست کامیاب نہیں ہوگی۔چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ تھر بلاک ٹو میں 600 میگاواٹ بجلی پیدا کی جارہی ہے، جبکہ بلاک تھری میں 2 ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کی جائے گی۔ ان کے بقول اسلام آباد کے ماہرین کہتے تھے کہ تھر کے کوئلے کی کوئی اہمیت نہیں، لیکن آج تھر کا کوئلہ استعمال کرکے ایک ارب 60 کروڑ ڈالر کا زرمبادلہ بچایا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تھر میں 90 فیصد روزگار سندھ کے نوجوانوں کو مل رہا ہے جبکہ تھر کے منصوبوں میں 60 فیصد روزگار مقامی نوجوانوں کو دیا جارہا ہے۔ تھر کے کوئلے سے گیس اور کھاد بھی تیار کی جارہی ہے اور مستقبل میں اس سے مزید فائدہ اٹھایا جائے گا۔بلاول بھٹو نے کہا کہ وہ اسلام آباد اور کراچی میں سرکاری و نجی شراکت داری کے ذریعے تبدیلی لانا چاہتے ہیں۔ سندھ حکومت کا ارادہ ہے کہ سرکاری و نجی شراکت داری کے تحت سندھ سرمایہ کاری زون قائم کیا جائے، جبکہ ٹھٹھہ میں بھی اسی شراکت داری کے تحت بندرگاہ قائم کرنے کا منصوبہ ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں