اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ ابتدائی بچپن کی معیاری اور جدید تعلیم بچوں کی ذہنی و تخلیقی صلاحیتوں کو پروان چڑھانے میں بنیادی کردار ادا کرتی ہے، آج کے بچے کل پاکستان کے روشن مستقبل کے معمار بنیں گے۔جمعہ کو ایکس پر آئی ایم سی جی گولڑہ کیمپس کے دورے کے موقع پر بچوں سے گفتگو کرتے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ ننھے بچوں کی ذہانت، تجسس، صاف دل اور بڑے خواب دیکھنے کی صلاحیت پاکستان کے روشن مستقبل کی امید دلاتی ہے۔
انہوں نے بچوں کے ساتھ رنگوں، مختلف اشکال اور ٹیڈی بیئرز کے موضوعات پر بات چیت کی اور ان کی دلچسپی اور ذہانت کا مشاہدہ کیا۔احسن اقبال نے کہا کہ حکومت ابتدائی بچپن کی معیاری تعلیم پر خصوصی توجہ دے رہی ہے تاکہ بچوں کی صلاحیتوں کو ابتدائی عمرسے ہی نکھارا جا سکے اور انہیں سیکھنے، سوچنے اور تخلیقی صلاحیتوں کے اظہار کے بہتر مواقع فراہم کیے جا سکیں۔انہوں نے کہا کہ بچوں کی تعلیم و تربیت میں دلچسپ اور سرگرمیوں پر مبنی تدریسی طریقوں کو فروغ دینا ضروری ہے تاکہ وہ اعتماد، ذہانت اور مثبت سوچ کے ساتھ آگے بڑھ سکیں۔وفاقی وزیر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بچوں کو معیاری تعلیمی ماحول اور بہتر مواقع فراہم کرکے انہیں مستقبل کے باصلاحیت، تخلیقی اور ذمہ دار شہری بنانے کے لیے کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔









