کراچی(رپورٹنگ آن لائن) پٹرولیم لیوی اور مہنگائی کے خلاف جماعت اسلامی کراچی کا گورنر ہاؤس کے باہر دھرنا 35 روز بعد ختم ہوگیا۔
کراچی دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ آج کراچی کینٹ سٹیشن سے تاریخی اسلام آباد لانگ مارچ کا آغاز ہوگا،خیبرپختونخوا، بلوچستان اور سندھ سے قافلے آئیں گے۔انہوں نے کہا کہ پورا پاکستان احتجاجی تحریک سے جڑ چکا ہے، گوجرانوالہ، مردان، حیدرآباد میں تاریخی جلسے ہوئے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکمران لیوی اور سود کے حوالے سے جھوٹ بول رہے ہیں، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھنے سے ہر چیز مہنگی ہو جاتی ہے، ہماری تحریک پورے مافیا کے خلاف ہے، تحریک ایک دو دن کی بات نہیں، جدوجہد جاری رکھنی ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ عوام کو لوٹنے کیلئے شوگر مافیا، آٹا مافیا، آئی پی پی مافیا اور بینکوں کا مافیا ملا ہوا ہے، 35 دن کے احتجاج سے عوام کو لیوی جگا ٹیکس کا پتہ چلا، سب لوٹ کھسوٹ کے نظام سے نجات چاہتے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز جماعت اسلامی اور حکومت کے درمیان مذاکرات کا پانچواں دور ختم ہوگیا۔مذاکرات میں حکومتی وفد کی جانب سے سکیورٹی تھریٹ کی وجہ سے لانگ مارچ ملتوی کرنے کی درخواست کی گئی۔
حکومتی ٹیم سے مذاکرات کا پانچواں دور ختم ہونے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے کہا کہ حکومت عوامی مطالبے پر عملی اقدام کرے، وگرنہ لیوی کے خاتمے تک احتجاج و لانگ مارچ ضرور کیا جائے گا۔
حکومتی وفد کی جانب سے جلد عوامی سطح پر غیر معمولی ریلیف دینے کی یقین دہانی کرائی گئی، اور کہا گیا کہ آئی ایم ایف کا دباؤ ہے اور جلد وفد کی پاکستان آمد بھی متوقع ہے۔









