نہال ہاشمی 12

یومِ عاشورہ حق، صبر، استقامت، ایثار اور قربانی کے عظیم جذبوں کی یاد دلاتا ہے،گورنر سندھ

کراچی (رپورٹنگ آن لائن)گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے یومِ عاشورہ کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ یومِ عاشورہ حق، صبر، استقامت، ایثار اور قربانی کے عظیم جذبوں کی یاد دلاتا ہے۔

حضرت امام حسین اور شہدائے کربلا کی لازوال قربانیاں رہتی دنیا تک امتِ مسلمہ اور پوری انسانیت کے لیے مشعلِ راہ رہیں گی۔گورنر سندھ نے کہا کہ واقع کربلا ظلم، جبر اور باطل کے خلاف ڈٹ جانے، حق و صداقت کا علم بلند رکھنے اور اصولوں پر ثابت قدم رہنے کا لازوال درس دیتا ہے۔ حضرت امام حسین اور ان کے جانثار رفقا نے دینِ اسلام کی سربلندی، عدل و انصاف کے قیام اور انسانی اقدار کے تحفظ کے لیے عظیم قربانیاں پیش کیں، جنہیں تاریخ ہمیشہ سنہرے الفاظ میں یاد رکھے گی۔

سید محمد نہال ہاشمی نے کہا کہ یومِ عاشورہ ہمیں اتحاد، اخوت، برداشت، صبر، ایثار اور باہمی احترام کے فروغ کی تلقین کرتا ہے۔ آج کے دن ہمیں یہ عہد کرنا چاہیے کہ ہم حضرت امام حسین کی تعلیمات اور سیرت سے رہنمائی حاصل کرتے ہوئے اپنے معاشرے میں محبت، رواداری، انصاف اور بھائی چارے کو فروغ دیں گے۔گورنر سندھ نے مزید کہا کہ شہدائے کربلا کی قربانیاں انسانیت کے لیے ہمت، عزم، وفاداری اور حق پر قائم رہنے کی روشن مثال ہیں۔

ان کی عظیم جدوجہد ہمیں ہر دور میں حق کا ساتھ دینے اور باطل کے خلاف آواز بلند کرنے کا حوصلہ فراہم کرتی ہے۔انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالی ہمیں سیرتِ امام حسین سے رہنمائی حاصل کرنے، حق و انصاف کے راستے پر چلنے اور ملک و قوم کی خدمت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ گورنر سندھ نے یومِ عاشورہ کے موقع پر پاکستان کی سلامتی، استحکام، ترقی، خوشحالی اور قومی یکجہتی کے لیے خصوصی دعا بھی کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں