حلیم عادل شیخ 7

قائد آباد میں معصوم کلثوم کے ساتھ پیش آنے والا واقعہ انسانیت سوز سانحہ ہے، حلیم عادل شیخ

کراچی (رپورٹنگ آن لائن)پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ قائد آباد تھانے کی حدود میں تین سالہ معصوم بچی کلثوم کے ساتھ پیش آنے والے افسوسناک واقعے پر وفد کے ہمراہ متاثرہ خاندان کے گھر پہنچے، جہاں انہوں نے بچی کے والد قاسم، دادا رفیق اور دیگر اہل خانہ سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔

اس موقع پر انہوں نے اہل خانہ سے واقعے کی تفصیلات معلوم کیں اور یقین دلایا کہ پاکستان تحریک انصاف سندھ متاثرہ خاندان کو ہر ممکن قانونی اور اخلاقی معاونت فراہم کرے گی تاکہ انہیں انصاف مل سکے۔حلیم عادل شیخ نے کہا کہ چند روز قبل لاپتہ ہونے والی معصوم کلثوم کی بوری بند لاش گھر کے قریب سے ملنا انتہائی افسوسناک اور انسانیت سوز سانحہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیکل رپورٹ میں بچی کے ساتھ زیادتی اور تشدد کے شواہد سامنے آنا پورے معاشرے کے لیے لمح فکریہ ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ واقعے میں ملوث تمام ملزمان کو فوری گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے تاکہ آئندہ کوئی درندہ صفت مجرم ایسی حرکت کرنے کی جرت نہ کر سکے۔انہوں نے کہا کہ معصوم بچیوں کے ساتھ درندگی کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں، ایسے سفاک مجرموں کو سرعام پھانسی دے کر عبرت کا نشان بنایا جانا چاہیے۔ سندھ میں زینب الرٹ طرز کا سخت قانون نافذ کیا جائے اور زیادتی و قتل کے مقدمات کا فیصلہ سات روز کے اندر یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کی اولین ذمہ داری بچوں کی جان، عزت اور تحفظ کو یقینی بنانا ہے، جبکہ جو لوگ سرعام پھانسی کی مخالفت کرتے ہیں وہ متاثرہ خاندانوں کے دکھ اور کرب کو محسوس کریں۔

حلیم عادل شیخ نے کہا کہ انہوں نے ڈی آئی جی کراچی سے رابطہ کرکے تحقیقات کی پیش رفت سے آگاہی حاصل کی ہے اور واضح کیا کہ سندھ میں معصوم بچیوں کے ساتھ بڑھتے ہوئے زیادتی کے واقعات صوبائی حکومت کی ناکامی کا ثبوت ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایسے انسان نما درندوں کے لیے سخت ترین قانون سازی وقت کی اہم ضرورت ہے اور پی ٹی آئی سندھ متاثرہ خاندان کے ساتھ کھڑی ہے، انصاف کی جدوجہد ہر سطح پر جاری رکھی جائے گی۔اس موقع پر پی ٹی آئی سندھ کے رہنما ذوالفقار ملاح، ایڈووکیٹ خان زمان خٹک، ایڈووکیٹ خالد محمود علی، انور مہدی، وحید تنولی، پنھل سولنگی، یوسف ، عبید الرحمن اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں