محمد فاروق افضل 46

ہیلتھ پروفیشنلز کیلئے مریض سب سے مقدم ہے: پروفیسر ڈاکٹر محمد فاروق افضل

لاہور(رپورٹنگ آن لائن) پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر محمد فاروق افضل نے کہا ہے کہ تمام ہیلتھ پروفیشنلز کے لیے مریض سب سے زیادہ اہمیت کا حامل ہوتا ہے۔ نرسنگ فیکلٹی اور سٹاف کو اپنے علم اور پیشہ ورانہ مہارت کو مسلسل بڑھانا چاہیے تاکہ وہ مریضوں کے علاج کے ساتھ ساتھ ان کی نفسیاتی کونسلنگ میں بھی مؤثر کردار ادا کر سکیں۔ ایک مسیحا کا مثبت اور ہمدردانہ رویہ بیماروں میں زندگی کی نئی امید اور جینے کی امنگ پیدا کرتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کالج آف نرسنگ، لاہور جنرل ہسپتال کے زیرِ اہتمام نرسنگ فیکلٹی ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت منعقدہ ایک روزہ تربیتی ورکشاپ“Patient Safety: From Awareness to Action”سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ورکشاپ میں پرنسپل کالج آف نرسنگ مس ثمینہ کوثر نے بطور پیٹرن شرکت کی، جبکہ ڈی ایچ کیو ہسپتال قصور کی پرنسپل مس طاہرہ شاہین اور سروسز انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز لاہور کی اسسٹنٹ نرسنگ انسٹرکٹر مس عابدہ طفیل نے بطور فیسیلیٹیٹر خدمات انجام دیں۔اس موقع پر ڈاکٹر سائرہ ذیشان نرسنگ فکلٹی نرسنگ افیسرز اور طالبات بڑی تعداد میں موجود تھیں۔ورکشاپ کے دوران مریضوں کے تحفظ کے کلچر کو فروغ دینے، طبی عمل میں ممکنہ خطرات کی بروقت نشاندہی، غلطیوں کی روک تھام اور کلینیکل ماحول میں بین الاقوامی مریض حفاظتی پروٹوکولز کے نفاذ پر جامع بریفنگ اور عملی گفتگو کی گئی۔

پروفیسر ڈاکٹر محمد فاروق افضل نے کالج آف نرسنگ اے ایم سی ایل جی ایچ کی پیشہ ورانہ کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسی تربیتی سرگرمیاں نرسنگ فیکلٹی کی کلینیکل استعداد میں اضافے اور مریضوں کی نگہداشت کے معیار کو بہتر بنانے میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہیں۔ انہوں نے ادارے میں تحقیق، مسلسل تربیت اور جدت کے تسلسل کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ شعبہ صحت میں پیشہ ورانہ مہارتوں کو مزید جلا بخشنا ہمارا مشترکہ مقصد ہے۔

ورکشاپ کے اختتام پر شرکاء نے اس تربیتی سیشن کو موجودہ دور کی اہم ضرورت قرار دیا اور عزم کیا کہ وہ یہاں حاصل کردہ جدید مہارتوں اور بہترین طرزِ عمل کو اپنی روزمرہ پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کا لازمی حصہ بنائیں گے۔ اس سے ہسپتالوں میں محفوظ علاج کے کلچر کو فروغ ملے گا اور نرسنگ کے شعبے میں اعلیٰ معیار کے نئے سنگ میل عبور کیے جا سکیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں