اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں ون کنسٹیٹیوشن ایونیو کے نام پر فراڈ کیا گیا، بے قاعدگیوں میں سی ڈی اے نے کوتاہی کی۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ اور وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ کابینہ کے سامنے جے آئی ٹی رپورٹ پیش کی گئی، جس میں ون کنسٹیٹیوشن ایونیو کی دوبارہ نیلامی کی سفارش کی گئی ہے، اور کہا گیا کہ عمارت کا نیا نام رکھا جائے۔احسن اقبال نے کہا کہ ون کنسٹیٹیوشن ایونیو کے متاثرین کو معاوضے کی ادائیگی کی جائیگی، نیب کی تحقیقات میں سی ڈی اے سمیت جو کوئی بھی غیر قانونی کام میں ملوث ہوا اسکے خلاف کارروائی ہوگی۔
طلال چوہدری نے کہا کہ 20 سال یہ منصوبہ چلتا رہا، دو بار کارروائی ن لیگ کے دور میں کی گئی، ون کنسٹیٹیوشن ایونیو میں بانی پی ٹی آئی نے بھی فلیٹ حاصل کیا، نیب کو رپورٹ میں ریفرنس لانے کیلئے تین ماہ کا وقت دیا گیا ہے،وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ جے آئی ٹی نے نیب کو معاملے کی تحقیقات کی سفارش کی ہے۔









